جنرل ہسپتال میں ڈائلسز کیلئے فسچولا مفت بنانے کی سہولت

جنرل ہسپتال میں ڈائلسز کیلئے فسچولا مفت بنانے کی سہولت

  

لاہور(جنرل رپورٹر)جنرل ہسپتال انتظامیہ کا مریض دوست اقدام ، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھی سرکاری ہسپتال میں گردوں کے مریضوں کو ڈائلسسز کیلئے اشد ضروری مفت فسچولا( Fistula) بنانے کی سہولت فراہم کر دی مریض سوموار سے ہفتہ بلا ناغہ مستفید ہو سکیں گے ۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے پروفیسر آف یورالوجی ڈاکٹر محمد نذیر کی سربراہی میں ایل جی ایچ میں (Arteriovenous Fistula Center) قائم کر دیا ہے جہاں پر ہر روز ڈائلسسز کے مریضوں کا مستند اور تربیت یافتہ ڈاکٹر فسچولا بنائیں گے اور اس کے عوض ایک پائی بھی وصول نہیں کی جائے گی۔ پروفیسرمحمد نذیر کے مطابق ایک فسچولا بنانے پر مریض کے ہزاروں روپے خرچ ہوتے ہیں مگر نجی سیکٹر میں اتنا خرچ کرنے کے باوجود فسچولا صحیح نہیں بنتا اور ڈائلسسز کے مریضوں کو ایک بار پھر تکلیف دہ عمل سے گزرنا پڑتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری غیر تربیت یافتہ سٹاف پر عائد ہوتی ہے ۔ایم ایس ڈاکٹر غلام صابر نے بتایا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں سالانہ 36 ہزار مریضوں کے بلا معاوضہ ڈائلسسز کئے جا رہے ہیں موجود ہ فسچولا سنٹر ڈائلسسز کے مریض اور ان کے لواحقین کی پریشانیوں کے خاتمے کا سبب بنے گا ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -