ریلوے کے حادثات تشویشناک،متعلقہ وزیر مستعفی ہو جائیں،عوامی تحریک

ریلوے کے حادثات تشویشناک،متعلقہ وزیر مستعفی ہو جائیں،عوامی تحریک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگار خصوصی)پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے رہنماؤں بشارت جسپال اور فیاض وڑائچ نے لودھراں میں ٹرین حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 7 بچوں کے المناک واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ( ن) لیگ کے دور حکومت میں ریلوے جانیں لینے والا محکمہ بن گیا، ریلوے کے ہر حادثے کے بعد وفاقی وزیر پریس کانفرسوں میں قوم کا وقت ضائع کرتے ہیں۔ بہتر ہو گا کہ وہ استعفیٰ دے کر گھر جائیں اور کسی اہل شخص کو یہ منصب دیا جائے ۔رہنماؤں نے کہا کہ کوئی اور نہیں حکومت براہ راست ان حادثات کی ذمہ دار ہے ۔ریلوے کرپشن ،نااہلی کے باعث ایک خونی ادارہ بن کررہ گیا ہے۔ داخلی ڈسپلن نام کی کوئی چیز ریلوے کے محکمے میں نہیں ہے۔ موجودہ دور میں چن چن کر نااہل لوگوں کو ریلوے میں بھرتی کیا گیا جس کا نتیجہ ریلوے کی معاشی تباہی اور عوام کو قیمتی جانوں سے محرومی کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ پی آئی اے ہو یا ریلوے محفوظ سفر ایک خواب بن کررہ گیا اور یہ ادارے عوام کی جانیں لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محض ڈرائیور کور مورد الزام ٹھہرانا کافی نہیں ہے ۔لودھراں سانحہ کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہیے اور اصل ذمہ داروں کو بھی کڑی سزا ملنی چاہیے اور جوڈیشل کمیشن ریلوے کے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے ایس او پی تیار کرنے میں بھی رہنمائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سینکڑوں ریلوے کراسنگ ایسی ہیں جہاں پر نہ کوئی پھاٹک ہے اور نہ ہی کوئی عملہ یہ ریلوے کراسنگ موت کے کنویں بن چکے ہیں۔