سینے پر گولیاں کھا کر امن قائم رکھنے والے ہمارے سر کے تاج ہیں : ڈاکٹر حیدر اشرف

سینے پر گولیاں کھا کر امن قائم رکھنے والے ہمارے سر کے تاج ہیں : ڈاکٹر حیدر ...

  

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ سینوں پر گولیاں کھا کر شہر کے امن و امان کو برقرار رکھنے اور لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنے والے ہمارے سر کے تاج ہیں۔4جنوری کو شہر میں احتجاجی ریلیوں کے دوران مظاہرین کی جانب سے مشتعل ہونے کے بعد شہر کے امن و امان کو برقرار رکھنے پر افسران و اہلکاروں کے جذبوں اور حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔جس طرح افسران و اہلکاروں نے موقع پر بہترین حکمت عملی اپنا کر امن و امان کی صورت حال کو سنبھالا اسکی مثال نہیں ملتی ۔افسران و اہلکاروں نے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر خود زخمی ہو کر کمال مثال قائم کی ہے ۔اگر اسی طرح افسران و اہلکار مربوط حکمت عملی سے شہر میں امن وامان کوبرقرار رکھنے کی کوشش کریں تو کوئی بھی میلی آنکھ اس شہر کی جانب نہیں دیکھ سکتی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں 4جنوری کو گلبرک اور داتا دربار میں ہونے والی احتجاجی ریلیوں کے نتیجے میں امن و امان کو برقرار رکھنے والے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کے موقع پر کیا۔اس موقع پرایس ایس پی آپریشنز منتظر مہدی ، ایس پی ہیڈکواٹرز غلام مبشر میکن ، ایس پی ماڈل ٹاؤن آپریشنز و انوسٹی گیشن اسماعیل کھاڑ ک وکاشف اسلم ، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ او ز و اہلکاربھی موجود تھے ۔ایس ایس پی آپریشنز منتظر مہدی نے اس موقع پر کہا کہ لاہور پولیس نے 4جنوری کو ثابت کر دیا کہ یہ دی بیسٹ ہے اور کسی بھی مشکل گھڑی میں ساتھ نہیں چھوڑیں گے ۔تقریب میں تمام افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے اعزازیہ دیا اور خدمات کو سراہا گیا۔

مزید :

علاقائی -