نوجوان کے اغوا ء کا معاملہ،16جنوری تک کیس کی تفصیلات طلب
لاہور(نامہ نگار)باغبانپورہ میں بیوی کے ساتھ بازار جانے والے نوجوان کے اغوا ء کا معاملہ،ایڈیشنل سیشن جج سعید رفیق نے پولیس سے دوبارہ 16جنوری تک کیس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ایڈیشنل سیشن جج سعید رفیق کی عدالت میں باغبانپورہ کے شاہد نے اپنے بھائی رشید کی بازیابی کے لئے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اس کا بھائی دو سال قبل اپنی بیوی رضیہ بی بی کے ساتھ بازارگیا جہاں سے اس کو اغوا کرلیا گیا۔
مقدمہ درج ہونے کے باوجود اس کے بھائی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے ،اس نے اپنی بھابی رضیہ پرشبہ ظاہر کیا کہ خدشہ ہے کہ اس نے اس کے بھائی کو قتل کروادیا ہے ،عدالت نے شاہد کی درخواست پرباغبانپورہ پولیس سے تفتیش کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔