اقوام متحدہ کا میانمار میں بڑھتے ہوئے تشدد کی تحقیقات کا اعلان
نیویارک (آئی این پی)اقوام متحدہ نے میانمار میں بڑھتے ہوئے تشدد کی تحقیقات کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی مندوب برائے میانمار اس ملک میں بڑھتے ہوئے تشدد کی تحقیقات کریں گے۔ اس عالمی ادارے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یانگھی لی آئندہ ہفتے سے میانمار کا بارہ روزہ دورہ شروع کریں گی، جس دوران وہ روہنگیا کمیونٹی کے خلاف جاری مبینہ تشدد کی چھان بین بھی کریں گی۔ بتایا گیا ہے کہ وہ صوبے کاچین بھی جائیں گی، جہاں متعدد باغی گروہوں اور حکومتی فورسز کے مابین جاری لڑائی کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ ملکی فوج ایسے الزامات بھی مسترد کرتی ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔