شریف خاندان نے اثاثے تسلیم کرلیے

شریف خاندان نے اثاثے تسلیم کرلیے

  

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر اعتزاز احسن نے کہاہے کہ پاناما لیکس کیس میں شریف خاندان نے اپنے اثاثے تسلیم کرلیے ہیں، لہذا اب بارِ ثبوت بھی ان ہی پر عائد ہوتا ہے۔ایک انٹرویو میں اعتزاز احسن نے کہاکہ یہ کیس اب بہت واضح ہوچکا ہے اور ثبوت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو نہیں بلکہ نواز شریف کو پیش کرنے ہوں گے کیونکہ انہیں ہر صورت میں احتساب دینا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ لندن فلیٹس وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی ملکیت ہیں اور انہیں بچانے کے لیے حسین نواز کو آگے لایا گیا۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ مریم نواز اب بھی والد کی زیر کفالت ہیں اور نواز شریف نے اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے بچوں کے ناموں کو استعمال کیا۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کو اب ہر روز ہونے والی پیسے کی لین دین کا حساب دینا ہوگا اور ثابت کرنا ہوگا کہ یہ رقم کب اور کہاں سے آئی۔اس سوال پر کہ کیا تحریک انصاف کی جانب سے پاناما لیکس کے مقدمے میں انھیں وکیل بننے کی درخواست کی گئی تھی؟ انھوں نے اس پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے انکار کردیا۔

ٗ اعتزاز احسن

مزید :

صفحہ اول -