مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں کوئی دھڑے بندی نہیں،ثناء اللہ زہری

مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں کوئی دھڑے بندی نہیں،ثناء اللہ زہری

  

کوئٹہ (آن لائن ) مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) مضبوط اور مستحکم ہے اور جماعت میں کوئی دھڑے بندی نہیں آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) بھرپور اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیر آباد ڈویژن میں حال ہی میں تشکیل دےئے جانے والے مسلم لیگ(ن) اتحاد کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان رکن صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی، میر ظہور حسین کھوسہ، میر فائق خان جمالی، میر عبدالغفور لہڑی، میر محمد خان لہڑی، میر اسفند جمالی ،میر شوکت بنگلزئی شامل تھے مسلم لیگ (ن) اتحاد نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے پلیٹ فارم سے پارٹی کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان کی سرپرستی میں حصہ لے گا اور مسلم لیگ(ن) کی مرکزی اور صوبائی قیادت کے ہر فیصلے کو قبول کرے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے مسلم لیگ (ن) اتحاد کی تشکیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبے میں مسلم لیگ (ن) کے استحکام کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا ۔

مزید :

صفحہ آخر -