94پاکستانی طلبہ کا گروپ تعلیمی ایکسچینج پروگرام میں شرکت کیلئے امریکہ پہنچ گیا

94پاکستانی طلبہ کا گروپ تعلیمی ایکسچینج پروگرام میں شرکت کیلئے امریکہ پہنچ ...

  

واشنگٹن(اظہر زمان،بیوریو چیف) پاکستان بھر سے 94طلباء اور طالبات کا گروپ ایک تعلیمی ایکسچینج پروگرام میں شرکت کیلئے امریکہ پہنچ گیا ہے۔ گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچینج پروگرام( گلوبل یوگریڈ) کے تحت پورے پاکستان میں مقابلے کا سخت امتحان ہوا تھا جس میں یہ سٹوڈنٹس منتخب ہوئے تھے۔ یہ گروپ 3جنوری کو واشنگٹن پہنچا جس کے اگلے روز پاکستانی سفارت خانے میں ان کیلئے خصوصی استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔ یہ پروگرام 2010ء میں شروع ہوا تھا جس میں دنیا بھر کے نان ڈگری سٹوڈنٹس انتخاب کے کڑے مراحل سے گزر کر شرکت کرتے ہیں۔ جو امریکہ میں ایک سمسٹر کی پڑھائی کے ساتھ کمیونٹی سروس بھی سر انجام دیتے ہیں۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیڈر شپ پریکٹس پروگرام، IREX، کی ڈائیریکٹر مس ایمی کلانسنی نے بتایا کہ ایکسچینج پروگرام کے آغاز سے اب تک پاکستان سے بارہ ہزار نوجوان سٹوڈنٹس اس میں شرکت کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی میدان میں ہونے والے ایکسچینج پروگرام کئی عشروں سے کامیابی سے جاری ہیں جو اس شعبے میں دونوں ممالک کے مضبوط روابط کے آئینہ دار ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دنیا بھر میں امریکہ کے تعلیمی ایکسچینج پروگرام کے تحت سب سے زیادہ وظیفے پاکستانی سٹوڈنٹس کو دیئے جارہے ہیں۔94 سٹوڈنٹس کے موجودہ گروپ میں گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، سندھ ، پنجاب، بلوچستان اور فاٹا سمیت پورے پاکستان کی نمائندگی ہو رہی ہے، جنہیں امریکی تعلیم اور سماجی نظام کے مطالعے کا بہترین موقع مل رہا ہے۔ پاکستانی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن رضوان سعید شیخ نے سٹوڈنٹس کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ظاہر کرتا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی شعبے میں کس قدر گہرا تعاون پایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تبادلے کے پروگرام کے تحت ’’پاکستان کے تجربے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت امریکی سٹوڈنٹس کو پاکستان کا مطالعہ کرنے کا موقع ملے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -