میرے انتخاب سے ثابت ہو گیا مسلم لیگ (ن) صحیح معنوں میں عوامی جماعت ہے: مبشر جاوید

میرے انتخاب سے ثابت ہو گیا مسلم لیگ (ن) صحیح معنوں میں عوامی جماعت ہے: مبشر ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر،اپنے خبر نگارسے) آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے‘ ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے۔ہم آج جو کچھ بھی ہیں پاکستان کی بدولت ہیں۔ہمیں قائداعظمؒ کے افکارونظریات پر عمل کرنا چاہئے۔نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نئی نسلوں کی نظریاتی تعلیم وتربیت کر کے ایک اہم قومی فریضہ انجام دے رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار لارڈ میئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور کے دورہ کے دوران کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید، ڈپٹی میئرمحمد مشتاق مغل اورچوہدری محمد بلال، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور کے پبلک ریلیشنگ آفیسر ڈاکٹر ندیم الحسن گیلانی، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔کرنل(ر) مبشر جاوید نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل مسلمانوں کی حالت بہت پسماندہ تھی اور ان سے انتہائی تحقیر آمیز سلوک کیا جاتا تھا۔ایسے حالات میں قائداعظمؒ ، علامہ محمد اقبالؒ اور دیگر مشاہیر نے دوقومی نظریہ کی بنیاد پر الگ اسلامی ریاست کا تصور پیش کیا اور پھر اس کیلئے جدوجہد شروع کردی۔ بالآخر مسلمانان برصغیر نے قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں جان ومال کی لازوال قربانیوں کے بعد اپنے لئے الگ وطن حاصل کر لیا۔ کارکنان تحریک پاکستان ہمارے محسن ہیں اور زندہ قومیں اپنے مشاہیر کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ ہم قائداعظمؒ کی حیات وخدمات اور افکارونظریات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا غلام حیدر وائیں اور مجید نظامی مرحوم نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ جیسا ادارہ قائم کر کے آنیوالی نسلوں پر احسان کیا ۔ مجید نظامی مرحوم نے اپنی ساری زندگی اس نظریہ کی ترویج واشاعت کیلئے وقف کیے رکھی۔ مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے وزیراعلی پنجا ب سے کے بعدگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ہمارا آبائی شہر ہے جس کی تعمیرو ترقی کے لئے میگا پراجیکٹس بن رہے ہیں اور جس طرح سے لاہور میں بہتری لائی جا رہی ہے اس کی دنیا بھر میں لوگ مثالیں دیتے ہیں۔پینے کے صاف پانی اور سیوریج کے نظام کو بہتر کر نا ہماری اولین ترجیح ہے۔جس کے لئے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے تمام ممبران کو کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے۔کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا ہے کہ تمام ڈپٹی مئیرز آئندہ چند روز میں اپنے دفاتر میں بیٹھ کر عوام کی فلاح وبہبود اور خدمت کا کام شروع کر دیں گے۔انہوں نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ عوام الناس کے مسائل کو فوری طور پر حل کریں اور کہا کہ اللہ تعالی نے آپ کو موقع دیا ہے اور لاہور مئیر کا تاج آپ کے سر پر رکھا ہے لہذا عوام الناس کی زیادہ سے زیادہ خدمت کریں۔

مزید :

صفحہ آخر -