کیس مینجمنٹ پلان اپنی سطح پر شروع کیا: ہائیکورٹ اور میڈیا سیل

کیس مینجمنٹ پلان اپنی سطح پر شروع کیا: ہائیکورٹ اور میڈیا سیل

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ کے میڈیا سیل کی طرف سے جاری ہونے والے ایک پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ کیس مینجمنٹ پلان لاہور ہائی کورٹ نے اپنی سطح پر شروع کیا ہے ،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے میڈیا کے نمائندوں سے 5جنوری کو غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اس پلان میں چیف جسٹس پاکستان یا سپریم کورٹ کے کردار کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی ۔عدالت عالیہ کی طرف سے وضاحت کی گئی ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے 5جنوری کو میڈیا نمائندوں کے ساتھ غیر رسمی ملاقات کی جس میں فاضل چیف جسٹس نے لاہور ہائی کورٹ اور ضلعی عدلیہ میں جاری کئے گئے کیس مینجمنٹ پلان اور جوڈیشل افسران کی کارکردگی رپورٹس مرتب کرنے کے حوالے سے بتایا۔ چیف جسٹس نے ہائی کورٹ کے کیس مینجمنٹ پلان میں چیف جسٹس پاکستان یا سپریم کورٹ کے کردار کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، مذکورہ کیس مینجمنٹ پلان لاہور ہائی کورٹ نے اپنی سطح پر شروع کیا ہے جس کا اولین مقصد سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی ہے۔مزید برآں فاضل چیف جسٹس نے لاہور ہائی کورٹ کے فاضل جج صاحبان کی کارکردگی رپورٹس مرتب کرنے کے متعلق بھی کوئی بات نہیں کی اور اس حوالے سے شائع ہونے والی خبریں غلط اور حقائق کے منافی ہیں۔علاوہ ازیں عدالت عالیہ کی ایک دوسری رپورٹ کے مطابق کیس مینجمنٹ پلان کے باعث لاہور ہائی کورٹ اور اس کے علاقائی بنچزنے 28جون2016 سے 24دسمبر2016تک 57784(ستاون ہزار سات سو چوراسی)کیسوں کا فیصلہ کیا گیاجبکہ ماتحت عدلیہ نے 8لاکھ 8ہزار 761کیسز کا فیصلہ کیا۔

مزید :

صفحہ آخر -