باہمی اتحاد امت مسلمہ کیخلاف ہونیوالی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا:امام کعبہ

باہمی اتحاد امت مسلمہ کیخلاف ہونیوالی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا:امام کعبہ

  

لاہور(خبر نگار خصوصی) امام حرم کعبہ اورریاست الحرمین الشریفین کے سربراہ الشیخ عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ مسلم علماء ،مفکرین اور دانشوروں کو اسلام کے پیغام اعتدال کو پوری دنیا تک پہنچانا ہوگا،اسلام کا دہشت گردی ،انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ تشدد سے کوئی تعلق نہیں ۔امید ہے انتہاپسندی ،دہشت گردی کیخلا ف پاکستان علماء کونسل ہر ممکن تعاون کرے گی،حرمین الشریفین وحدت امت مرکز ہیں۔سعودی عرب کی حکومت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ہم سب کی امت کو متحد کرنے کی کوشش ہے ۔ان خیالات کا اظہارامام حرم کعبہ اورریاست الحرمین الشریفین کے سربراہ الشیخ عبدالرحمن السدیس نے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو مسائل سے پریشان ہونے کی بجائے قرآن وسنت کی طرف رجوع کرنا چاہئے۔ان شاء اللہ کرب اور غم کے ایام گزر جائیں گے اور اللہ کا کلمہ سربلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کیخلاف عظیم جنگ کی ہے ۔پاکستانی قوم اور افواج اس پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ہمارے دل ہر لمحہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کیخلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری پاکستانی قوم سے بالخصوص اور مسلم دنیا سے بالعموم یہ اپیل ہے کہ تشدد کا رویہ چھوڑ کر اعتدال کا رویہ اپنائیں ۔انہوں نے کہا کہ قادیانی گروہ کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان شاء اللہ حرمین الشریفین میں ختم نبوت کے موضوع پر مستقل دروس کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ملاقات کے آخر میں الشیخ عبد الرحمن السدیس نے پاکستان علماء کونسل کی اسلام ،مسلمانوں اور حرمین الشریفین کے دفاع ،تحفظ اور سلامتی کیلئے جدوجہد کے مؤقف پر خصوصی شیلڈ پیش کی۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے امام کعبہ الشیخ عبد الرحمن السدیس کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کیلئے ان کی محبت ہمارے لئے اثاثہ ہے اور ارض حرمین الشریفین سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -