محکمہ معدنیات کے امور کو آن لائن پر دستیابی میں پی ٹی آئی کا بنیادی کردار ہے:انیسہ زیب

محکمہ معدنیات کے امور کو آن لائن پر دستیابی میں پی ٹی آئی کا بنیادی کردار ...

  

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کی وزیر معدنیات و معدنی ترقی اور محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے محکمہ معدنیات کے جی آئی ایس شعبے کو صوبے میں ہر قسم کی معدنی لیزوں سے متعلق ہر پہلو سے مکمل تمام دستاویزات کی جی آئی ایس نظام پر دستیابی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں آئندہ پیر تک آخری ڈیڈ لائن دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں ہر طرح کی کمی بیشی کو فوری طور پر پورا کر کے مقررہ وقت تک ہر حالت میں آن لائن ذریعے سے ان معلومات کی دستیابی کو ممکن بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ جب جی آئی ایس نظام پر تمام لیزوں اور لیز لائنوں کی غرض سے محکمہ میں جمع کردہ نئی درخواستوں کی پلاٹنگ کا کام مکمل ہو جائے تو پھر صوبہ بھر میں معدنیات اور اس سے متعلق پائے جانے والے امکانات کے علاقوں کا موثر اور صحیح تکنیکی جائزہ لیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں محکمہ معدنیات کے مختلف شعبوں کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں محکمہ کے جی آئی ایس سسٹم،سرمایہ کاروں کیلئے محکمہ میں فراہم کی جانے والی سہولیات،ادنیٰ معدنیات اور ان سے متعلق دیگر امور پر سیر حاصل غور ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری معدنیات سید ظہیر الاسلام شاہ،ایڈیشنل سیکرٹری معدنیات نوشین اعظم،ڈی جی معدنیات سید محمد شاہ اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر نے محکمہ کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے میں معدنی امکانات اور معدنیات والے علاقوں کے تکنیکی تجزیے کی غرض سے جیالوجسٹ،سرویئرز اور مائننگ انجینئرز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو محکمہ سے جا کر مختلف علاقوں کا دورہ کریں گی اور ان ٹیموں کو تمام درکار سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہاں سے صحیح معلومات پر مبنی ڈیٹا محکمہ کے لئے ہر حالت میں حاصل کیاجاسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور محکمہ کے امور کو عوام کیلئے آن لائن نظام پر دستیابی کے سلسلے میں جی آئی ایس کاایک بنیادی کردار ہے اس لئے محکمہ کی متعلقہ ٹیم کو پوری لگن سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے تمام علاقائی دفاتر اور ہیڈ کواٹر کو آپس میں مربوط کرنے کی غرض سے ایم آئی ایس نظام کو اپنانا بھی انتہائی اہم ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ اس دور حکومت میں ہی یہ کامیابی حاصل کی جاسکے۔انہوں نے محکمہ کے افسران کو ٹیم ورک کے طور پر کام کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نئے قانون کے نتیجے میں محکمہ زیادہ بااختیار بنایاگیا ہے اور اب محکمہ کے عدالتی امور نمٹانے کی غرض سے منرل مجسٹریٹ بھی مقرر کئے جا رہے ہیں۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -