نورکیوں اور ٹھیکوں کی بندر بانٹ کرنیوالوں نے صوبے کا مستقبل داؤ پر لگایا تھا:عاطف خان

نورکیوں اور ٹھیکوں کی بندر بانٹ کرنیوالوں نے صوبے کا مستقبل داؤ پر لگایا ...

  

پشاور( سٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ نوکریوں اور ٹھیکوں کی بندر بانٹ کرنے والوں نے صوبے کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا تھا لیکن تحریک انصاف کی اتحادی حکومت عوام کو ظلم وناانصافی سے نجات دلانے اور سرکاری محکموں سے رشوت اور اقرباپروری کے خاتمے کی کوشش میں کافی حد تک کامیاب ہوئی ہے۔حکومت کا کام پسے ہوئے طبقو ں کو انصاف دلانا ہے۔وہ یو سی بخشالی کے علاقوں اسڑ اور محتسب کورونہ میں شمولیتی جلسوں سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پرفضل نبی،راز محمد،حامد علی،محمد صدیق،جان باچا، صاحب محمد،محمد گل،ریاض گل،معراج گل،افتخار،عادل،فاروق،جاوید علی اور صابر علی نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پی ٹی آئی یو سی بخشالی کے صدر رشید خان اور تحصیل کونسلر آیاز صافی بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبا ئی وزیر نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو ٹوپیاں پہنائیں اور مبارکباد دی اور کہاکہ یہ اپنے فیصلو ں پر نہیں پچھتائیں گے۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ الیکشن سے پہلے عوام سے جو وعدے کئے تھے اسے پورا کررہے ہیں ،محکمہ ہائے تعلیم،صحت،پولیس،ریونیو اورہائیر ایجوکیشن میں اصلاحات سے تبدیلی کے آثار نمایاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میںآج نہ تو تھانے اور چوک بکتے ہیں اورنہ ہی نوکریاں نیلام ہوتی ہیں ۔پٹوار خانوں میں عوام کی چمڑی نہیں ادھیڑی جاتی اور سرکاری حکام کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانے کے لیے خصوصی قوانین بنائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کا دعویٰ کرنے والوں نے پی کے 30کو بری طرح نظر انداز کیا جس سے بخشالی، کٹہ خٹ اور دیگر نواحی یونین کونسلوں کے عوام کی زندگی اجیرن بن چکی تھی ۔ہماری حکومت نے اس علاقے کے عوام کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کی منصوبہ بندی کرلی ہے اور اس وقت پی کے 30میں صاف پانی کی فراہمی ، تعلیم اور صحت سمیت سڑکوں کی تعمیرپر چار ارب روپے سے زیادہ کے فنڈز خرچ ہو رہے ہیں۔ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام پرامن طریقے سے زندگی بسر کرسکیں گے۔صوبائی وزیرنے کہا کہ سرکاری سکولوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی کے ساتھ ہی سرکاری سکولوں پر عوام کااعتماد بڑھ گیا ہے اور ایک سروے کے مطابق پچھلے سال 34ہزار طلباء نے مائیگریشن کر کے سرکاری سکولوں میں داخلہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے سے ہی تبدیلی آتی ہے اور صوبائی حکومت اس مشن کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے اسڑ کورونہ میں مقبرے کی تعمیر ،گورنمنٹ گرلز سکول نعیم آباد میں اضافی کمرے بنانے کا اعلان بھی کیا ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -