فرحان محبوب نے پریذیڈنٹ گولڈ کپ انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ جیت لیا

فرحان محبوب نے پریذیڈنٹ گولڈ کپ انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ جیت لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(پ ر)فرحان محبوب نے مصحف سکواش کمپلکس اسلام آباد میں جاری پریذیڈنٹ گولڈ کپ انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ جیت لیا۔فائنل میچ پاکستان کے فرحان محبوب اور ہانگ کانگ کے لی آؤ کے درمیان کھیلا گیا۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے اس میچ میں فرحان محبوب نے تین کے مقابلے میں دو گیم سے کامیابی حاصل کی۔ فرحان محبوب نے میچ کے آغاز سے ہی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے حریف کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا اور انہوں نے پہلی گیم 11/4 کے سکور سے جیت لی۔دوسری گیم میں بھی فرحان میچ پر چھائے رہے اور یہ گیم بھی با آسانی 11/4 کے سکور سے جیت کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔تیسری گیم میں فرحان نے غیرذمہ دارانہ شاٹس کھیلتے ہوئے اپنے حریف کو سات پوائنٹس دیئے جس کی وجہ سے وہ یہ گیم 8/11 کے سکور سے ہار گئے۔ چوتھی گیم میں دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا تاہم لی آؤ تین میچ پوائنٹ بچاتے ہوئے یہ گیم 12/10 کے سکور سے جیت گئے ۔ پانچویں اور فیصلہ کن گیم میں فرحان محبوب نے دلکش کھیل پیش کرتے ہوئے یہ گیم11/3 سے جیت کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب ممنون حسین ، اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان جو کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں اس موقع پر موجود تھے۔ مہمانِ خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ سابقہ ورلڈ چیمپئنزجہانگیر خان اور قمر زمان نے بھی یہ میچ دیکھا ۔ غیر ملکی سفراء ، اعلٰی فوجی اور سول حکام کے علاوہ سکواش کے دلدادہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے یہ میچ دیکھا۔