ڈینٹل کالج میں اسپتال کی تعمیر کیلئے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت

ڈینٹل کالج میں اسپتال کی تعمیر کیلئے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے ملحقہ زمین پر جدید اسپتال کی تعمیر کے لئے پی سی ون تیار کیا جائے تاکہ اسے منظوری کے لئے بھیجا جائے اور اس اسپتال سے ہونے والی آمدنی سے کے ایم ڈی سی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے اور اس اسپتال میں کے ایم ڈی سی کے طلبا و طالبات کو اپنی ٹریننگ مکمل کرنے کے مواقع فراہم کئے جاسکیں یہ بات انہوں نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے انتظامی معاملات کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں چیئرمین ڈی ایم سی سینٹرل ریحان ہاشمی، میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی کے علاوہ کے ایم ڈی سی کے پرنسپل ، ڈائریکٹر فنانس، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن بھی موجود تھے، میئر کراچی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم ڈی سی کی موجودہ عمارت 10 ایکڑاراضی پر قائم ہے اس سے ملحق بقیہ زمین پر ایسا جدید اسپتال تعمیر کیا جائے جہاں علاج معالجے کی معیاری اور بہترین سہولیات دستیاب ہوں اور کے ایم ڈی سی کے طلبا و طالبات کے لئے یہ ایک بہترین ٹریننگ مرکز ثابت ہوانہوں نے اس موقع پر ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو 30 جنوری تک کے ایم ڈی سی کے بائی لاز مکمل کرکے میئر کراچی کو منظوری کیلئے پیش کرے گی ، میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم ڈی سی کی گورننگ باڈی کی تشکیل نو کی جائے گی اور اس کا اجلاس بھی جلد بلایا جائے تاکہ کے ایم ڈی سی سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جائے اور ادارے کی ترقی اور بہتری کے لئے ضروری اقدامات کئے جاسکیں، انہوں نے کے ایم ڈی سی کی انتظامیہ کو عملے کی سینارٹی لسٹ مرتب کرکے اس پر ہونے والے اعتراضات سمیت میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی کو بھیجنے کی ہدایت بھی کی، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اسپتال سے ملحق زمین پر جدید اسپتال کی تعمیر بھی اسی کاوش کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ کے ایم ڈی سی کو ایک معیاری اور جدید طبی درس گاہ کے حیثیت دلانے کے لئے تمام تر انتظامی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ یہ ادارہ مزید ترقی کرے اور شہریوں کو ایک بہترین طبی درس گاہ اور علاج کی معیاری سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔انہوں نے کہا کہ کے ایم ڈی سی میں داخلوں کے معاملے میں کوئی سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور داخلوں کے حوالے سے مکمل میرٹ کی شفاف پالیسی برقرار رکھی جائے گی تاکہ یہ کالج اپنا معیار اور ساکھ برقرار رکھے۔