بخشالی ،سابق ایم پی اے کی رہائش گاہ پر شہید بھٹو کی سالگرہ

بخشالی ،سابق ایم پی اے کی رہائش گاہ پر شہید بھٹو کی سالگرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بخشالی ( نمائندہ پاکستان) سابق ایم پی اے امتیاز شاہ گئی کی رہائش گاہ پر ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب، پیپلز پارٹی میں اختلافات کا خاتمہ تمام گروپوں کے رہنماؤں کی شرکت، ضلعی نائب ناظم اسد کشمیری کی وائس چانسلر عبدالی خان یونیورسٹی پر شدید تنقید ، کارکنوں کو وائس چانسلر کے خلاف احتجاج کے لئے تیار رہنے کی ہدایت ، تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سابق ایم پی اے امتیاز شاہ گئی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جس سے ضلعی نائب ناظم اسد کشمیری، اورنگزیب خان، ظاہر شاہ طورو، پی کے تیس کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار علی بھٹو، اسرار خان، سابق ایم پی اے امتیاز شاہ گئی ، شرافت خان ودیگر نے خطاب کیا، سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں ،جب تک دنیا باقی ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نام زندہ رہے گا، وہ تبدیلی کی علامت تھے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے زرعی اصلاحات کرکے کسانوں کو زمینوں کے مالکانہ حقوق دیئے، مقررین کا مزید کہنا تھا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے مردان میں اپنی آخری تقریر میں مردان میں یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کے قیام اور لنک روڈ کی تعمیر کا اعلان کیا تھا ، یہ تو ہمارے منصوبے تھے جس پر مخالفین اب اپنی سیاست چمکا رہے ہیں،ضلعی نائب ناظم اسد کشمیری نے اپنی تقریر میں عبدالولی خان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز انہیں ایک خاتون کی فون کال موصول ہوئی جنھوں نے یونیورسٹی میں ہونے والی برائیوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر احسان سے نجات دلانے کی اپیل کی، ضلعی ناظم نے کہا کہ ڈاکٹر احسان مردان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے ، کارکن ڈاکٹراحسان کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہیں مردان کے عوام کو اس ناسور سے نجات دلا کردم لیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے امتیاز شاہ گئی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم انسان تھے جنھوں نے عوام کو اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے کا شعور دیا، اس عظیم انسان کی خدمات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ انٹراپارٹی انتخابات میں مختلف گروپوں میں تقسیم ہونے والے تمام رہنماؤں کو امتیاز شاہ گئی نے ایک جگہ اکٹھا کرکے پارٹی سے اختلافات کا خاتمہ کردیا۔ تقریب کے اختتام پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔