پیپلز پارٹی ہر فورم پر عوام کے حقوق کے حصول کیلئے آواز اٹھائے گی :سینیٹر خانزادہ خان

پیپلز پارٹی ہر فورم پر عوام کے حقوق کے حصول کیلئے آواز اٹھائے گی :سینیٹر ...

  

مردان(بیورورپورٹ) جائیداد کمپیوٹرائز نظام میں موجود خامیوں اور غلطیوں کی نشاندہی کرکے عوام کی آواز کو متعلقہ اداروں تک پہنچائیں گے تاکہ اس نظام میں موجود خامیوں اور غلطیوں کو دور کیا جا سکے، ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے مرکزی نائب صدر سینیٹر خانزادہ خان نے حضرت ولی ، فضل سبحان کی قیادت میں کاشتکاروں کے ایک وفد سے مردان میں ملاقات کرتے ہوئے کہی، وفد نے سینیٹر خانزادہ خان کو کمپیوٹرائز نظام کی وجہ سے عوام کے مشکلات سے آگاہ کیا۔ سینیٹر خانزادہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے لئے ہر جگہ اور ہر فورم پر آواز اُٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائز نظام کی وجہ سے عوام کے مسائل کو متعلقہ اداروں تک پہنچائیں گے اور اُن کے حل ہونے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے۔ جائیداد کے کمپیوٹرائز نظام میں بہت سی غلطیاں ہیں جن پر کام کرنے کی ضرورت ہے اس نظام سے عوام کو فائدہ ملنے کے بجائے اُن کے مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ کمپیوٹرائز نظام میں مالکان کے نام اور رقبے کی غلط اندراج کی وجہ سے عوام دربدر کی ٹھوکریں کھانے لگے۔ اس نظام کے لئے پٹوار کے تجربے والے افراد کی مدد لی جائے تاکہ یہ نظام کامیاب ہو سکے۔ کمپیوٹر سنٹر میں روزانہ کی بنیاد پر ٹوکن کی تعداد بڑھائی جائے اور معذور اور معمر افراد کے لئے الگ کاؤنٹر بنایا جائے تاکہ ان افرادکو کسی قسم کی دشوارکا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ جائیداد کمپیوٹرائز نظام کی غلطیوں سے متعلق صوبائی حکومت کو آگاہ کریں گے تاکہ عوام کا یہ اہم مسئلہ جلد از جلد حل ہو سکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -