6 بچے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے‘ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت‘ہر آنکھ اشکبار
لودہراں (نمائندہ پاکستان)ٹرین حادثہ میں جاں بحق ہونے والے چھ بچے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے ان میں محمد رضوان اور دانش علی ولد محمد ارشد دونوں سگے بھائی تھے جبکہ فہد ندیم اور مریم ندیم بہن بھائی تھے اور محمد عرفان ولد محمد سلمان اور سجاد احمد ولد افتخار احمد بھی اسی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ ٹرین حادثہ میں جاں بحق سات بچے اور ایک رکشہ ڈرائیور میں سے پانچ بچے اور ایک بچی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے جبکہ ایک بچے اور رکشہ ڈرائیور کا نماز جنازہ آج صبح نو بجے ادا کیا جائے گا ۔ایک ہی خاندان کے چھ بچوں کا نماز جنازہ موضع کونڈی میں ادا کیا گیا جسمیں لودہراں شہر اور مضافات کے ہزاروں افرادضلعی چیرمین میاں راجن سلطان پیرزادہ ،ڈپٹی کمشنر شاہد نیاز ،ڈی پی او اسد سرفراز،ایم پی اے زبیر خاں بلوچ ،ایم پی اے عامر اقبال شاہ ،سابق ایم این اے صدیق خاں بلوچ،ایڈیشنل کمشنر ڈاکٹر ،اسسٹنٹ کمشنر طیب خاں،چیرمین بلدیہ شیخ افتخارالدین طاری سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔نماز جنازہ سے قبل جب بچوں کی میتیں گھر سے اٹھائی گئیں تو رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ہر آنکھ اشکبار تھی گھروں میں قیامت کے مناظر تھے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔