شیرا کوٹ ، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے خودکشی کی نیت سے کھمبے پر چڑھنے والے نوجوان کو زندہ اتار لیا
لاہور (کرائم رپورٹر) پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے شیرا کوٹ کے علا قہ میں خودکشی کرنے کی نیت سے کھمبے پر چڑھنے والے اشرف نامی نوجوان کو کھمبے سے زندہ اتار لیا، بعد ازاں اسے مزید تفتیش کے لئے تھانہ شیراکوٹ میں منتقل کر دیا گیا۔اس واقعہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ صبح شیرا کوٹ کا ایک رہائشی نوجوان خودکشی کی نیت سے ایک بلند کھمبے پر چڑھ گیا، جسے دیکھتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور انہوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے کھمبے سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں سے کرنٹ ختم کروا کر اشرف نامی نوجوان سے نیچے اترنے کی درخواست کی۔پولیس کے مطابق خودکشی کی نیت سے کھمبے پر چڑھنے والا نوجوان کاغذ کی چٹوں پر اپنا مسئلہ لکھ کر نیچے پھینکتا رہا ،آخرکار پولیس کی یقین دہانی پر نوجوان کھمبے سے نیچے اتر آیا۔ نوجوان کا کہنا تھا کہ علاقے میں دو پارٹیوں کے درمیان لڑائی میں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اسے انصاف فراہم کیا جائے، واقعہ کے فوری بعد شیرا کوٹ سے ٹھوکر نیاز بیگ جانے والی سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیاتھا۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ متاثرہ نوجوان کا ذہنی توازن درست نہیں لگتا تاہم واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔