احتساب سے پہلے الیکشن کرائے گئے تو سپریم کورٹ کادروازہ کھٹکھٹاؤں گا ،جمشید دستی

احتساب سے پہلے الیکشن کرائے گئے تو سپریم کورٹ کادروازہ کھٹکھٹاؤں گا ،جمشید ...

ملتان،سکندرآباد،جلالپورپیروالا(سٹی رپورٹر+ نمائندہ پاکستان)عوامی راج پارٹی کے سربراہ ورکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی نے کہا ہے کہ ملک میں پہلے احتساب پھر انتخاب کرایا جائے اگر احتساب سے پہلے الیکشن کرائے گئے تو سپریم کورٹ کا (بقیہ نمبر8صفحہ12پر )

درواز ہ کھٹکھٹاؤں گا طاہر القادری کے اتحاد کی ایک ہفتہ میں صورتحال واضح ہو جائے گی اب دھرنے صرف اسلام آباد تک نہیں بلکہ ملک بھر میں ہوں گے بلوچستان میں اس وقت جو صورتحال ہے ایسے محسوس ہوتا ہے کہ بلوچستان حکومت 15فروری تک ختم ہو جائے گی شوگر مافیا کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے غریب کاشتکار بدحال ہو چکے ہیں لیکن حکمرانوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے چیف جسٹس آف پاکستان نوٹس لیں سرائیکی صوبہ ہر حال میں بنے گا اور اس سلسلے میں اسمبلی میں بار بار آواز اٹھاؤں گا رواں سال کے ماہ مارچ میں قلعہ کہنہ قاسم باغ میں تاریخ ساز جلسہ کروں گا ایک کروڑ روپے میں جلالپور پیروالہ سے ملتان تک فری بس کی فراہمی سے شہریوں کو سالانہ ڈیڑھ کروڑ روپے تک کی بچت ہو گی جبکہ اربوں روپے سے تیار ہونے والی میٹرو بس اور فیڈر بسیں خالی چل رہی ہیں نواز شریف کی سیاست دفن ہو چکی ہے جبکہ عمران خان صیح اپوزیشن کا کر دار ادا نہیں کر رہے ہیں بلکہ میں ہی حقیقی معنوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رہا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اڈہ چوک پر جلالپور پیروالہ سے ڈیرہ اڈہ چوک ملتان تک عوامی راج پارٹی کے زیراہتمام فری بس سروس افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا جمشید دستی نے مزید کہا کہ سی پیک تاریخی منصوبہ ہے جو انشاء اللہ جلد مکمل ہو گا اور معاشی خوشحالی آئے گی امریکی و مودی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں جن کو پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا ہے حکمران ختم نبوت کے مجرم ہیں ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے انہوں نے کہا کہ ملتان سمیت سرائیکی خطہ کی عوام غیرت مند ہے اب وقت آگیا ہے کہ سرائیکی خطہ کی عوامی موروثی سیاست دانوں سے چھٹکارہ حاصل کرے اور آنے والے الیکشن میں عام آدمی اسمبلیوں میں جا سکے انہوں نے کہا کہ گنا کی قیمتوں میں دو دو روپے فی من کٹوتیاں ہو رہی ہیں شوگر ملزمالکان نے اندھیر نگری مچا رکھی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے انہوں نے کہا کہ عوامی راج پارٹی کے منشور میں کرپشن کی سزا موت ہے چاہے جمشید دستی ہی کرپشن میں ملوث کیوں نہ ہو اسے بھی چوراہے پر لٹکا کر منہ کالا کرکے سزا دی جائے لیکن احتساب کا عمل صرف نواز شریف تک محدودنہیں ہونا چاہیئے بلکہ جو جو وڈیرہ، جاگیردار، سرمایہ دار سمیت سیاستدان کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث ہیں ان کو بھی سزا دی جائے ورنہ سب جھوٹ ہے انہوں نے کہا کہ سرائیکی خطہ کی عوام مجھے15ایم این اے اور 30ایم پی اے بنا کر دے دیں تخت اسلام اور تخت لاہور سے سرائیکی خطہ کی عوام کو آزادی دلادوں گا جب تک ملک میں گند صاف نہیں ہو گا ترقی و خوشحالی نہیں آئے گی بدمعاشی کے نظام کو دفن کر نے کے لئے عوام عوامی راج پارٹی کا ساتھ دیں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ بیت المقدس بھی آزاد ہوگا اور کشمیر بھی آزاد ہوگا ٹرمپ جو کچھ مرضی کرلے اسرائیل تباہ ہو کر رہے گا ۔دریں اثناء عوامی راج پارٹی کے زیراہتمام جلالپور پیروالہ سے ملتان تک شہریوں کو فری سفری سہولت کی فراہمی کے سلسلے میں افتتاح کر دیا گیا ڈیرہ اڈہ چوک پر عوامی راج پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے جلالپور پیروالہ سے ملتان تک بس چلا کر پہنچنے پر افتتاح کیا اس موقع پر ملک اللہ نواز وینس، انجینئر محمد خان مروت، عابد ہ بخاری ، یوسی چیئرمین ملک اجمل کالرو بھی ہمراہ تھے افتتاح کے موقع پر سرائیکی پارٹیوں کے رہنماؤں اور عوامی حلقوں کی جانب سے جمشید دستی کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور اس موقع پر شہریوں نے جمشید دستی کے حق میں نعرے بازی بھی کی جبکہ اس موقع پر جمشید دستی نے ملک وقوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کرائی بعدازاں جمشید دستی فری بس چلا کر جلالپور پیروالہ کو روانہ ہو گئے جمشید دستی کے مطابق جلالپور پیروالہ سے صبح ساڑھے چھ بجے بس چلا کر ے گی جو براستہ شجاع آباد سے ملتان ڈیرہ اڈہ پر پہنچے گی۔سکندرآباد(نمائندہ پاکستان) عوامی راج پارٹی کے سر براہ جمشید دستی اور پاکستان سرائیکی پارٹی کے صدر اللہ نواز وینس ایک کروڑ روپے مالیت کی بس لے کر شجاع آباد پہنچے شجاع آباد تھانہ چوک پر ان کاوالہانہ استقبال کیاگیا اور پھولوں کی بتیاں نچھاور کی گئیں جئے دستی کے نعرے بھی لگائے گئے خطاب کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ نواز شریف ملک کا دشمن ہے قوم کا دشمن ہے اور فوج کا دشمن ہے یہ امریکہ کے غلام ہیں یہ ملک لوٹ کر کھا گئے ہیں۔علاوہ ازیں عوامی راج پارٹی کے بانی اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے ملتان تا جلالپورپیروالہ عوامی راج فری بس سروس کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی روٹ کا آغاز ڈیرہ اڈہ ملتان سے ہواجسے جمشید دستی نے خود ڈرائیو کیا اور براستہ شجاعباد جلالپورپیروالہ پہنچے جہاں عوام کے جم غفیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ جمشید دستی نے چوک فوارہ پر عوامی اجتماع سے سرائیکی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ غریب اور محنت کش طبقہ کی خدمت کی اور اس کیلئے قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں جس کی سب سے بڑی مثال کسانوں کیلئے نہری پانی کھولنا تھا جس کی پاداش میں انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی بند کرنا یزیدیت اور پانی جاری کرنا حسینیت ہے‘ میں نے حسینیت کا کام کیا ہے جس میں کوئی بُرائی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ ہمیشہ سے امتیازی سلوک برتا جاتا ہے ‘ عوامی راج فر بس سروس جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے ہے جس کا دائرہ کار مزید پھیلانے پر بھی کام کر رہے ہیں اور یہ سفری سہولت جنوبی پنجاب کے آخری ضلع راجن پور تک پھیلائیں گے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر