جے ٹی آئی تعلیمی اداروں کے اندر اور باہر غیر مذہبی قوتوں کیخلاف برسر پیکار ہے :مولانا قاسم

جے ٹی آئی تعلیمی اداروں کے اندر اور باہر غیر مذہبی قوتوں کیخلاف برسر پیکار ...

تخت بھائی( نامہ نگار ) جمعیت علماء اسلام ضلع مردان کے امیر و سابق ایم این اے مولانا محمد قاسم نے کہا ہے کہ جے یو آئی کی طلباء تنظیم جے ٹی آئی باکردار نوجوان طلباء پر مشتمل تنظیم ہے جو تعلیمی اداروں کے اندر اور باہرغیر مذہبی قوتوں کے خلاف برسر پیکار ہیں، پاکستان نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے طلباء علماء کرام کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں ۔وہ گورنمنٹ ڈگری کالج تخت بھائی میں جے ٹی آئی کے زیر اہتمام 25فروری کو پشاور میں ہونے والے یوتھ کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس سے جے ٹی آئی خیبر پختونخواہ کے صدر قاری عدنان، جنرل سیکرٹری طیب اکبری ایڈوکیٹ اورضلع مردان کے ڈپٹی کنوینر حافظ فرمان اللہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ، ڈسٹرک کونسلر حاجی محمد طارق، وی سی نائب ناظم قاضی محمد اقبال،جے ٹی آئی PK-26کے صدر محمد فواد،سینئر نائب صدر میاں اعجاز علی شاہ،سیکرٹری اطلاعات جواد احمد، PK27کے صدر شہریار خان، گورنمنٹ ڈگری کالج تخت بھائی کے صدر حمید اللہ دیروی ،نائب صدر عبد الرحیم ، جنرل سیکرٹری جنید خان مہمند اور دیگر بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ مقررین نے کہا کہ 25فروری کو پشاور میں ہونے والے یوتھ کانفرنس کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جس میں ایک لاکھ سے زائد طلباء و نوجوانوں کی شرکت یقینی ہے اور اس حوالے سے جے ٹی آئی کے تمام عہدیداروں کو کارکنان کو خصوصی ہدایات جاری کر کے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ طاغوتی قوتیں دین اسلام پر حملہ آور ہو چکی ہیں اور مختلف حربوں سے نوجوان نسل کو شیطانی تہذیب کی چکا چوند دکھا کر بہکانے میں برسر پیکار ہیں ، طلباء اور نوجوان علماء کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر لادینی قوتوں کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے میدان عمل میں آئیں ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر