جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ، جمعیت طلبہ کا دو روزہ کتب میلہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کی طرف سے دو روزہ کتب میلہ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات سمیت ڈاکٹروں کی بڑی تعداد شریک ہو ئی۔ کتب میلے کے پہلے روز کا افتتاح امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ جمعیت کی طرف سے کتب میلے کا انعقاد معاشرے میں علم کے فروغ کا باعث بنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت نصابی وغیر نصابی سرگرمیوں کے انعقاد سے طلبا کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اور اپنی مثبت روایات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے کو قیمتی افراد بھی فراہم کرتی ہے۔کتب میلے میں مختلف شعبہ جات کی کتابیں رکھی گئیں تھیں جس میں طلبا نے رعایتی قیمت پر کتابیں خرید کر خوشی کا اظہار کیا۔کتب میلے کے دوسرے روز کا افتتاح ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حمزہ محمدصدیقی نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں جو کام انتظامیہ کے کرنے کے ہیں انہیں جمعیت سر انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتب میلے اور اسی طرح کی دوسری سرگرمیوں کا انعقاد کرنا جمعیت کی روایت و پہچان ہے۔ ناظم کراچی نے کہا کہ جمعیت ہمیشہ طلبہ کی خدمت کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے میں پیش پیش رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیاں منعقد کرنے سے جمعیت کبھی پیچھے نہیں رہی ہے اور ہم آئندہ بھی تعلیمی اداروں میں طلبہ کے لیے ایسے پروگرام منعقد کرتے رہیں گے۔ نگراں پروفیشنل زون عمر احمد خان کا کہنا تھا کہ جمعیت نے طلباء کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنی توانایاں صرف کی ہیں۔ اسی روایت کے پیش نظر جمعیت آئندہ ہفتے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائینسز میں بھی میگا ایونٹ کرنے جا رہی ہے۔