این آئی سی ایل کیس ،تفتیشی افسر کو دستاویزات پیش کرنے کیلئے مہلت

این آئی سی ایل کیس ،تفتیشی افسر کو دستاویزات پیش کرنے کیلئے مہلت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے این آئی سی ایل میں کروڑوں روپے کرپشن سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق تفتیشی افسر کے تاخیر سے پیش ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دستاویزات پیش کرنے کے لیے انہیں 24 جنوری تک مہلت دے دی ۔ احتساب عدالت میں این آئی سی ایل میں کروڑوں روپے کرپشن سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔ عدالت میں سابق چیئرمین این آئی سی ایل ایاز خان نیازی سمیت 13 ملزمان پیش ہوئے ۔ عدالت نے طلبی کے باوجود تاخیر سے پیش ہونے پر سابق تفتیشی افسر پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ عدالت میں سابق تفتیشی افسر سراج پنہور ممبر پرچیز کمیٹی امین قاسم دادا کی تقرری سے متعلق دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے ۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو دستاویزات پیش کرنے کی مہلت دیتے ہوئے ریفرنس کی مزید کارروائی 24 جنوری تک ملتوی کر دی ۔ واضح رہے کہ ملزمان پر این آئی سی ایل کی 10 ایکڑ زمین کورنگی میں سستے داموں فروخت کرنے کا الزام ہے ۔ ریفرنس میں سابق چیئرمین ایاز خان نیازی ، قاسم دادا و دیگر نامزد ہیں جبکہ تمام ملزمان نے ہائیکورٹ سے ضمانت لے رکھی ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر