سیالکوٹ کی صنعت کیلئے فنی ہنر مندوں کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی : ذوالفقار چیمہ

سیالکوٹ کی صنعت کیلئے فنی ہنر مندوں کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی : ...
سیالکوٹ کی صنعت کیلئے فنی ہنر مندوں کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی : ذوالفقار چیمہ

  

لاہور،سیالکوٹ(ویب ڈیسک) نیوٹیک کے چیئرمین ذوالفقار احمد چیمہ نے آج سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں سپورٹس، لَیدرگڈز اور سرجیکل کی تین اہم صنعتیں ہیں ، جس میں ہزاروں ہنر مند نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ انڈسٹری کے لئے افراد ی قوت کی تمام ضروریات ہم پوری کریں گے اور صنعتی سیکٹر کو تربیت یافتہ نوجوانوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے تاکہ ان کی صنعتی پیداوار اور معیار میں اضافہ ہو۔ اس سے پہلے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر زاہد لطیف نے ان کو خوش آمدید کہا اور ان کی خدمات کو سراہا۔ ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نصاب کی تیاری، تربیّت کی فراہمی، فائنل امتحان اور نوجوانوں کی کھپت کے تمام مراحل میں انڈسٹری اہم کردار ادا کرے۔

ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نیوٹیک ذوالفقار احمد چیمہ نے اس سے پہلے سپورٹ ڈیویلپمنٹ سنٹر سیالکوٹ کا دورہ بھی کیا اور زیرِ تربیت نوجوانوں سے ملاقات کی ۔ اُنہوں نے فٹبال بنانے والی جدید ورکشاپس کامعائنہ بھی کیا ۔ اس موقع پر سپورٹس صنعت سے وابستہ ممتاز صنعتکار خواجہ مسعود احمد، ڈاکٹر خرم اور دیگر حضرات بھی موجود تھے۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نیوٹیک نے کہا کہ ہماری فٹبال اور والی بال کی انڈسٹری میں بڑی سکت ہے دنیا بھر میں ہمارے ملک میں بنے ہوئے فٹبال اور والی بال برآمد کیے جاتے ہیں ۔ اس میں ہر سال سینکڑوں ہنر مند نوجوانوں کی کھپت ہو سکتی ہے۔ لہذاء ہم اس انڈسٹری کی تمام ضروریات پوری کرنے کے لئے ہنر مند افراد مہیا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے ادارے کے سربراہ کو ہدایت کی کہ وہ انڈسٹری کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ان کی مشاورت سے نصاب میں انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق تبدیلیاں کر تے رہیں۔

بعد ازاں ذوالفقار احمد چیمہ نے لیدر انسٹی ٹیوٹ اور سرجیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ صنعتکاران سے بھی ملاقات کی۔ اُنھوں نے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ تربیت کا معیار عالمی سطح تک لے جائیں تاکہ مقابلے کے اس دور میں ہمارے ہنر مند نوجوان بھی بین الاقوامی عالمی مارکیٹ کا مقابلہ کر سکیں۔

مزید : بزنس