چودھری رحمت الٰہی کا انتقال پرملال

چودھری رحمت الٰہی کا انتقال پرملال

جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر چودھری رحمت الٰہی لاہور میں انتقال کر گئے انہیں منصورہ میں سپرد خاک کیا گیا۔ وہ پٹھان کوٹ کے زمانے سے بانی جماعت اسلامی مولانا سید ابو الاعلی مودودی کے ساتھ دعوت دین کا کام کرتے چلے آ رہے تھے اور ہر قسم کے حالات میں جماعت اسلامی کے تمام امرا کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ جنرل ضیاء الحق کے دور میں جب پاکستان قومی اتحاد شریکِ اقتدار ہوا تو انہیں کابینہ میں جماعت اسلامی کی طرف سے نمائندگی کے لئے نامزد کیا گیا جب تک قومی اتحاد وزارتوں کا حصہ رہا وہ بھی بطور وفاقی وزیر خدمات انجام دیتے رہے جماعت کے دوسرے وزیر محمود اعظم فاروقی تھے جن کے پاس اطلاعات کا محکمہ تھا۔ جماعتِ اسلامی نے جب ملتان روڈ پر منصورہ کے نام سے مرکز جماعت قائم کرنے کا فیصلہ کیا تو اس کی نگرانی کا کام چودھری رحمت الٰہی کے سپرد کیا گیا انہوں نے یہ خدمت بطریقِ احسن انجام دی۔ جماعت اسلامی کے ساتھ انہوں نے طویل سیاسی وابستگی کے دوران اپنی ذمے داریاں محنت اور دیانت کے ساتھ انجام دیں اور ہر دور میں جماعت کے امرا کا اعتماد حاصل کیا، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزید : رائے /اداریہ