لوڈ شیڈنگ پرقابو پانے کیلئے اقدامات کیے جائیں ‘میاں ریاض

لوڈ شیڈنگ پرقابو پانے کیلئے اقدامات کیے جائیں ‘میاں ریاض

لاہور (این این آئی) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے سابق چےئرمین و چیف ایگزیکٹو یادگارفلور ملز میاں ریاض احمد نے کہاہے کہ حکومت بجلی کی لوڈ شیڈنگ پرقابو پانے کیلئے فوری اقدامات کرے ،اگر سردیوں کے موسم میں بھی بار بار لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے تو پھر گرمیوں کے موسم میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث فیکٹریاں اور کارخانے بندہو جائیں گے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مقامی انڈسٹری کا انحصاربجلی یا پھر گیس پر ہے اگر موسم سرما میں لوڈ شیڈنگ کی یہ صورتحال ہے تو پھر گرمیوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیا گل کھلائے گی ۔ یوں لگتا ہے کہ رواں سال موسم گرما میں انڈسٹری اور عوام کو بجلی کی بدترین لو ڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ بجلی کی فراہمی کیلئے اقدامات کرنا ہونگے ،حکومت نے تا حال بجلی چوری اور بجلی کے ترسیل کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کیلئے قطعی طور پرکوئی مثبت اقدام نہیں اٹھایا جو ایک سنگین غفلت ہوسکتی ہے ، بجلی چوری اور لائن لاسسز کا نقصان عوام کی جیبوں سے پورا کرنا سراسر ذیادتی ہے ،عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ،ان پر مزید مہنگائی کا بوجھ نہ بڑھایا جائے ۔ میاں ریاض نے کہاکہ حکومت اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے اور بجلی کے ترسیلی نظام کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ بجلی چوری کو روکنے کیلئے مربوط انتظامات کرے اور نادہندگان سے وصولیوں کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ موسم گرما سے پہلے بجلی کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کو متوازن کیا جا سکے۔

مزید : کامرس