تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے برآمدات پر توجہ ضروری‘ٹریڈرز فورم

تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے برآمدات پر توجہ ضروری‘ٹریڈرز فورم

لاہور (این این آئی) لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے وائس چےئرمین شیخ ظاہر قیوم نے کہا ہے کہ حکومت تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے برآمدات پر توجہ دے ۔ مقامی صنعتوں اور انڈسٹری کیلئے آسانیاں پیدا کئے بغیر برآمدات کو بڑھاناممکن نہیں ہے ،مہنگے را ء مٹیریل اور بجلی گیس کی بندش اور بلند قیمتیں کی وجہ بھرپور صلاحیت کی حامل مقامی صنعتیں اور انڈسٹری اپنی مصنوعات بین الاقوامی منڈیوں میں اپنا مقام حاصل کرنے میں ناکام ہیں ،جی ایس پی پلس کا سٹیٹس ملنے کی باوجود ہم نے اس سے کوئی خاطر خواہ استفادہ حاصل نہیں کیا ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز تاجروں کے ایک اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ ظاہر قیوم نے کہا کہ بغیر حکومتی تعاون کے تاجر اور صنعتکار بہتر ین کارکردگی نہیں دکھا سکتے ، اور نہ ہی حکومت بغیر بزنس کمیونٹی کے معیشت کو بحال کر سکتی ہے ،لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلے ، اور صنعتوں اور انڈسٹری کی بحالی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرے ، کیونکہ غیر ملکی قرضوں سے اگر حکومت چھٹکارا چاہتی ہے تو اسے اپنے برآمدی شعبے کو ترقی دینا ہوگی تاکہ ملک کے لئے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو خصوصی طور پر سمال اینڈ کاٹیج انڈسٹری پر اپنی توجہ مرکوز کرناہوگی کیونکہ چھوٹی اوردرمیانہ درجے کی انڈسٹری میں بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے۔

اگر حکومت سرپرستی کرے تو ہمارے محنتی اور ہنر مند افراد دینا کی کسی بھی بڑی سے بڑی معیشت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ۔

مزید : کامرس