ریونیو بڑھانے کیلئے غیر ضروری ٹیکس ختم کئے جائیں‘راؤ خورشید

ریونیو بڑھانے کیلئے غیر ضروری ٹیکس ختم کئے جائیں‘راؤ خورشید

لاہور (این این آئی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ’’ کیمیکل امپورٹرز اینڈٹریڈرز ‘‘ کے کنوینر راؤ خورشید علی نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی بحالی اور اپنے ریونیو کو بڑھانے کیلئے غیر ضروری ٹیکسوں کی شرح کو کم کرے ۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ راؤ خورشید علی نے کہاکہ حکومت جس قدر ٹیکسوں کی شرح کو بڑھائے گی اسی قدر حکومتی ریونیو کم ہوگا۔لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے ٹیکس نیٹ کو بڑھائے ،سال نو میں ملک بھر کی تمام کمرشل چھوٹی بڑی مارکیٹوں کے سروے کروائے جائیں اور نئے ٹیکس گزاروں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے ،انہوں نے کہاکہ کاروباری افراد پر ٹیکسوں کا بوجھ جس قدر کم ہوگا اسی قدر بزنس کمیونٹی کے افراد خوشی سے ٹیکس نیٹ میں آنا پسند کریں گے انہوں نے کہا کہ حکومت لگثرری اشیاء کے علاوہ دیگر تمام ضروری اشیاء پر امپورٹ ڈیوٹی کو کم کیا جائے ۔ تاکہ عوام کو غیر ضروری مہنگائی کے بوجھ سے نکالا جا سکے ۔ راؤ خورشید نے کہاکہ حکومت کو خصوصی طور پر کیمیکلز انڈسٹری پر توجہدینا ہوگی ، کیونکہ کھانے پینے کی اشیاء سے لے کر کپڑوں کی رنگائی تک ہر شعبے میں مختلف کیمیکلز کا استعمال ہوتا ہے لہذا حکومت کیمیکلز کی امپورٹ پر بھی ڈیوٹی میں نمایاں کمی کا اعلان کرے ۔ تاکہ عوام کے روز مرہ استعمال کی اشیاء سستے داموں باآسانی دستیاب ہو سکیں ۔

مزید : کامرس