ؒ ٓؒ ٓبسنت خونی تہوار‘حکومت منانے کی قطعی اجازت نہ دے‘ طارق فیروز

ؒ ٓؒ ٓبسنت خونی تہوار‘حکومت منانے کی قطعی اجازت نہ دے‘ طارق فیروز

لاہور(این این آئی ) انجمن تاجران لاہورکے صدر میاں طارق فیروز نے کہاہے کہ بسنت خونی تہوارہے حکومت بسنت منانے کی قطعی اجازت نہ دے ، سابقہ حکومت نے بسنت منانے پر پابندی لگا کر ایک احسن اقدام کیا تھا اگر موجودہ حکومت نے اس خونی تہوار بسنت منانے کی اجازت دی تو تاجر برادری بھرپور مخالفت کرے گی ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بسنت ہمارا تہوارہے بھی نہیں اور پچھلے چندسالوں سے سابقہ حکومت نے بسنت منانے پر مکمل پابندی عائد کر رکھی تھی جو اس حکومت کا انتہائی احسن اقدام تھا ۔ ماضی میں بسنت کے تہوار کے موقع پر پتنگ اڑانے کیلئے استعمال ہونے والی ڈور کو تیز اور تلوارنما بنانے کیلئے کئی طرح کے کیمیکلز کا استعمال شروع کر دیا گیا تھا جس کے باعث ڈور کی مضبوطی اور کاٹنے کی صلاحیت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا، لہذا پتنگ بازی کے دوران کٹنے والی پتنگ کے ہمراہ لٹکتی ہوئی قاتل ڈور کے باعث کئی قیمتی جانوں کا نقصان ہو چکا ہے جبکہ قاتل پتنگ اور ڈور کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی نا تو کوئی ایف آئی آر کٹ سکتی ہے اور نہ ہی کسی کو معروض الزام ٹھہرایا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی کو ڈور کے گلا کٹنے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکت کا کسی کو ذمہ دار ٹھہرایا جا سکتا ہے ،لہذا اس اندھی قاتل ڈور سے بچنے کا ایک ہی حل ہے کہ بسنت کا تہوار منانے کی اجازت ہی نہ دی جائے ۔ موجودہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بسنت منانے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے ورنہ تاجر برادری کی جانب سے بھرپور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کیونکہ قیمتی جانوں سے کھیلنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ہم چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ بسنت کا تہوار منانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے ۔

مزید : کامرس