ٹیکسٹائل سیکٹر کو بجلی وگیس لوڈ شیڈنگ سے استثنا دیا جائے، اپٹپما

ٹیکسٹائل سیکٹر کو بجلی وگیس لوڈ شیڈنگ سے استثنا دیا جائے، اپٹپما

فیصل آباد(بیورورپورٹ) گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے صنعتی شعبہ با لخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اگر یہی صورتحال جاری رہی تو مذکورہ شعبہ بد ترین تباہی کا شکار ہو جائے گا لہٰذا ٹیکسٹائل سیکٹر اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مکمل بربادی ،لاکھوں محنت کشوں کو بے روز گاری وفا قہ کشی سے بچانے کیلئے ٹیکسٹا ئل سیکٹر کو فوری طور پر بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ پیداواری لاگت کم کرنے سمیت بیرونی آرڈرز کی تکمیل اور اربوں ڈالرز کی برآمدات کے ہدف کو متاثر ہونے سے بچانے کے ساتھ ساتھ قیمتی زر مبادلہ حاصل کرنا بھی ممکن ہو سکے۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن ( اپٹپما) کے ترجمان نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ ملکی معیشت کو ابتری سے بچانے کیلئے فوری لائحہ عمل تیار کریں بصورت دیگر اگر صنعتی ترقی کا پہیہ جام ہوا تو حکومت بد ترین معاشی و اقتصادی بحران کا شکار ہو جائے گی اور مزید لاکھوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے سے غربت کی شرح میں بھی اضافہ ہو گا۔

مزید : کامرس