فیصل آباد کے برآمدکنندگان کے ڈیفرڈ کلیمز کی مالیت 2ارب تک پہنچ گئی

فیصل آباد کے برآمدکنندگان کے ڈیفرڈ کلیمز کی مالیت 2ارب تک پہنچ گئی

فیصل آباد(بیورورپورٹ) فیصل آباد کے برآمدکنندگان کے ڈیفرڈ کلیمز کی مالیت 2ارب روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ ادائیگیوں کیلئے ایف بی آر لیول پر نظام مرتب کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں جلد ہی کلیمز کی ادائیگی کے عمل میں بہتری آنے کاامکان ہے نیز ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے طویل عرصے سے زیرالتوا سیلز ٹیکس، کسٹم ری بیٹ اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ری فنڈ کلیمز کی جلد ادائیگی اور ریفنڈنظام میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے اور اسے سہل اور تیز تر بنانے کیلئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ملک کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا اور ٹیکسٹائل برآمدات کے ذریعے ملکی معیشت کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔دریں اثنا ء ایف بی آر کے ذرائع نے بتایا کہ ایکسپورٹرز کو مالی مشکلات سے بچانے اور انکے ری فنڈ کلیمز کی مقررہ مدت میں ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیوکی سطح پرسنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں30 جون تک کے تمام سیلز ٹیکس کلیمز کی پراسیسنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی کلیمز کی پراسیسنگ بھی ایک ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔انہوں نے سیکشن 66 کے تحت کلیمز کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور فوری ادائیگی کیلئے ریجنل ٹیکس آفس کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے عرصہ دراز سے التوا کا شکار فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی میں غیر ضروری تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام کلیمز کی جلدادائیگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

مزید : کامرس