فیصل آباد چیمبر کا سٹیٹ بینک ایڈوانس ادائیگی کے فیصلے کا خیر مقدم
فیصل آباد( بیورورپورٹ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیا ء علمدار حسین نے سٹیٹ بینک کی طرف سے دس ہزار ڈالر تک کی ایڈوانس ادائیگی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے برآمدات بڑھانے کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ عام طور پر برآمد کنندگان کو اپنے برآمدی سامان کی تیاری کیلئے چھوٹی چھوٹی اشیاء درآمد کرنا پڑتی ہے جن میں بٹن ، زیپ اور اس قسم کی دیگر اشیاء کے علاوہ بعض ٹیکنیکل ٹیسٹوں کی فیس بھی شامل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے یہ سہولت واپس لینے سے برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر سمیت ملک بھر کی تاجر برادری نے اعلیٰ سطح پر آواز اٹھائی جس کے نتیجہ میں یکم جنوری سے یہ سہولت دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خاص طور پر ویلیو ایڈڈ برآمدی مال کی تیاری میں تیزی آئے گی اور برآمد کنندگان بھی معمولی رقم کو ہنڈی یا دوسرے غیر قانونی طریقوں سے باہر بھیجنے سے بچ جائیں گے۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ اس سہولت پر موثر عملدر آمد کرانے کیلئے سٹیٹ بینک کے متعلقہ شعبوں کو مزید متحرک کیا جائے۔