نظریہ پاکستان سے متصادم راستہ اپنانا ملک کے ساتھ زیادتی ہے،ذکر اللہ مجاہد

نظریہ پاکستان سے متصادم راستہ اپنانا ملک کے ساتھ زیادتی ہے،ذکر اللہ مجاہد

لاہور (پ ر)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان سے متصادم راستہ اپنانا ملک و قوم کے ساتھ بے وفائی ہے۔ اسلامی، فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے قاضی حسین احمد کے والہ انگز انداز اور جرات مندانہ انداز سیاست کو اپنانا ہو گا۔ پاکستان مدینہ کے بعد واحد دنیا کا ملک ہے جو نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا جس کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے لازوال قربانیاں دی ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے قاضی حسین احمد کی برسی کے موقع پر مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کیا ۔

انہوں نے مزیدکہا کہ اسلام دشمن قوتوں نے پاکستان کے اندر یہودی لابی کے لوگوں کے ذریعے اسلامی نظریاتی تشخص کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ پاکستان کی تکمیل کے لیے اسلام کے آفاقی اصولوں کو پیش نظر رکھ کرآگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی غیور قوم یہودی لابی اوراسلام دشمن قوتوں کے پاکستان کے اسلامی تشخص کو مٹانے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادے گی ۔ بانی پاکستان قائد اعظم نے ملک کو اسلامی ، فلاحی اور خوشحال ریاست بنانے کیلئے قرآن و سنت کے افکار کو دستور قرار دیا جس کی تکمیل کیلئے نڈر ، دیانتدار اور قوم کی حقیقی ترجمان جماعت اسلامی کی قیادت جدوجہد کر رہی ہے ۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ قوم اب ملک وقوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں ، اسلامی ریاست کے نام پر عوام کو جھوٹے وعدوں اور دعوؤں سے بیوقوف بنانے والوں کو مسترد کریں اور ملک و قوم کی بھاگ ڈور دیندار اور ایماندار قیادت کے ہاتھوں میں دیں تاکہ ملک و قوم کو موجود بحرانوں سے نکالا جا سکے ۔

ذکر اللہ مجاہد

مزید : میٹروپولیٹن 1