کسان بورڈ کے احتجاجی مظاہرے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،امیر العظیم

کسان بورڈ کے احتجاجی مظاہرے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،امیر العظیم

لاہور(سٹی رپورٹر )امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ کسانوں کے مسائل کے حوالے سے 21جنوری کوہونے والے کسان بورڈ کے احتجاجی مظاہرے کی بھرپورحمایت کرتے ہیں ۔ موجودہ حکمرانوں نے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔شوگر مافیا کی لوٹ مار نے گنے کے کسانوں کااستحصال کیاہے۔ شوگرمل مالکان کسانوں کے اربوں روپے کے واجبات ادانہیں کررہے ہیں ۔

جس کہ وجہ سے کسان طبقہ شدیداذیت میں مبتلا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت کسانوں کو درپیش مشکلات کاحل نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے ۔آلو کی گرتی ہوئی قیمت سے کاشتکارشدیدپریشانی کاشکار ہیں۔کھاد اور ڈیزل سمیت تمام زرعی مداخل بشمول زرعی مشینری کی قیمتوں میں کم ازکم پچاس فیصد تک کمی کی بجائے۔انہوں نے کہاکہ ہماراہمسایہ ملک بھارت بھی اپنے کاشتکاروں کوزیادہ سے زیادہ یلیف فراہم کررہا ہے جبکہ بدقسمتی سے پاکستان کی حکومت اس حوالے سے مکمل طورپر بے حس ہوچکی ہے۔حکومت کو کسانوں کے مسائل فوری حل کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ شعبہ زراعت پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے مگر اسی شعبے سے وابستہ افراد سب سے زیادہ پریشان حال ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کوخود کفیل بنانے کے لیے انڈیا سے تمام زرعی اجناس اور سبزیوں،پھلوں کی تجارت کامکمل خاتمہ ناگزیر ہے جب تک کسانوں کی مشکلات کو ان کی دہلیز پر حل نہیں کیاجائے گا بہتری نہیں ہوسکتی۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک شعبہ زراعت پر خصوصی توجہ دیتے ہیں،وہاں زرعی تحقیقی ادارے فعال کردار اداکرتے ہیں مگر المیہ یہ ہے کہ ہوا،پانی کی دستیابی اور بہترین زرخیز زمین کے باوجود ہمارے کاشتکار حکومتی عدم توجہی کاشکار ہیں۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ کسانوں کی بات کی ہے اور ہمارامطالبہ ہے کہ حکومت فی الفور کسانوں کی مشکلات کوختم کرے اور ان کو ریلیف فراہم کیاجائے۔

امیر العظیم

مزید : میٹروپولیٹن 1