ریلوے کا قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن ، 15مرلے قیمتی اراضی واگزار
لاہور (سٹی رپورٹر) ریلوے انتظامیہ نے قبضہ مافیا کے خلاف ایک اور اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے دوران ریلوے کی 52 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کی پندرہ مرلہ قیمتی کمرشل زمین واگزار کروالی ۔ تفصیلات کے مطابق ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور ڈویژن محمد سفیان سرفراز ڈوگر کی ہدایت پر ڈویژنل ایگزیکٹیو انجینئر محمد سمیع اللہ خان نے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئرمحمد نعمان خان کے ہمراہ ریلوے اہلکاروں اور ریلوے پولیس کی بھاری نفری کی مدد سے فیصل آباد ریلوے سٹیشن لیول کراسنگ نمبر 88/A اور 89 کے قریب کامیاب کارروائی کی۔ ڈی ایس ریلوے لاہور کا کامیاب آپریشن پر کہنا تھا کہ قبضہ مافیا کے خلاف اینٹی انکروچمنٹ اپریشنز وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کی ہدایت پر جاری رکھیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غیرقانونی قابضین سے ریلوے کی تمام زرعی و کمرشل زمین واگزار کروائی جائے گی۔ یاد رہے ریلوے کی کمرشل زمین کو غیر قانونی قابضین رہائشی و کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کر رہے تھے۔