پیرس میں احتجاج جاری ،مظاہرین کا صدر میکرون کے استعفیٰ کا مطالبہ

پیرس میں احتجاج جاری ،مظاہرین کا صدر میکرون کے استعفیٰ کا مطالبہ

پیرس(آئی این پی ) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف احتجاجی ریلی میں مظاہرین نے فرانسیسی صدر عمانوئل میکرون کے استعفی کا مطالبہ کیا،مشتعل مظاہرین نے متعدد موٹرسائیکلیوں کو آگ لگا دی۔ غیع ملکی میڈیا کے مطابق پیرس میں ییلو ویسٹ نامی تحریک کے حامیوں نے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف ہاتھوں میں جھنڈے اور بینرز اٹھا کر احتجاج کیا اور ریلی نکالی۔ مظاہرین نے اس دوران حکومت مخالف نعرے بھی لگائے۔پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی اور ناکامی پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ مشتعل مظاہرین نے متعدد موٹرسائیکلیوں کو آگ لگا دی۔غیر ملکی خبر رساں دارے کے مطابق پیرس میں گزشتہ آٹھ ہفتوں سے مظاہرین کی جانب سے ہر ویک اینڈ پر احتجاج کیا جا رہا ہے جب کہ ییلو ویسٹ نامی تحریک کے ترجمان نے اپنے ایک کھلے خط کے ذریعے لوگوں سے حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی ہے۔فرانس میں 17 نومبر سے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے جب کہ پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں اب تک تقریبا دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔فرانس میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج اب ایک تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے جسے روکنے میں حکومت ناکام ہوگئی ہے۔

مزید : عالمی منظر