مردہ قرار دیکر تدفین کیلئے لیجانے والا شخص اچانک زندہ ہو گیا

مردہ قرار دیکر تدفین کیلئے لیجانے والا شخص اچانک زندہ ہو گیا

نبراسکا(آئی این پی ) مردہ قرار دیکر تدفین کیلئے لیجانے والا شخص اچانک زندہ ہو گیا،ٹی اسکاٹ ماراپنے گھر میں ہیں اور پوری طرح سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق زندگی اور موت یقینی طور پر اللہ کریم کے ہاتھوں میں ہے۔ وہ جب چاہے موت سے زندگی کو اور زندگی سے موت کو پیدا فرماتا ہے اور یہ وہ حقیقت ہے جسے دنیا روز ہی دیکھتی رہتی ہے۔قدرت کے کرشموں میں ایک نیا اضافہ اس وقت یہاں دیکھنے میں آیا جب یہاں رہنے والے ایک 61سالہ شہری ٹی اسکاٹ مار ایک دن اپنے گھر میں بے ہوش پائے گئے اور جب انہیں اسپتال پہنچایا گیا تو پتہ چلا کہ ان پر دل کا دورہ پڑا تھا اور جس کی تا ب نہ لاکر وہ بے ہوش ہوگئے تھے۔

ڈاکٹروں کی ٹیم نے 4 بچوں کے باپ ٹی اسکاٹ کو دماغی طور پر مردہ قرار دیدیا اور یہ دل شکن انکشاف کیا کہ اسکاٹ اب کبھی صحتمند نہیں ہوسکے گا اسلئے اسکا علاج بیکار ہے۔ چند دن تک تو گھر والے اسے مصنوعی تنفس پر رکھے رہے مگر جب ڈاکٹروں نے اسے بے سود قرار دیا تو مصنوعی تنفس کے نظام سے بھی انہیں محروم کردیا گیا مگرقدرت ٹی اسکاٹ پر مہربان تھی اور عین اس وقت جب لوگ انہیں مردہ قرار دیکر تدفین کیلئے لیجانے لگے تو وہ اچانک بیدار ہوگئے اور اب وہ اپنے گھر میں ہیں اور پوری طرح سے صحتیاب ہوچکے ہیں

مزید : عالمی منظر