روس نے امریکا سے شہری کی گرفتاری پر وضاحت کر لی

روس نے امریکا سے شہری کی گرفتاری پر وضاحت کر لی

ماسکو(اے این این)روس نے امریکا سے اپنے ایک شہری کی گرفتاری پر وضاحت کر لی ہے جبکہ اس نے خود بدستور ایک امریکی شہری کو جاسوسی کے الزام میں زیر حراست رکھا ہوا ہے۔روس کی وزارت خارجہ کے مطابق امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف بی آئی) کے ایجنٹوں نے دمتری ماکرنکو کو 29 دسمبر کو مغربی بحرالکاہل میں واقع امریکی جزیرے سیپان سے گرفتار کیا تھا۔اس کے بعد اس کو فلوریڈا منتقل کردیا گیا ہے۔وزارت خارجہ نے مسٹردمتری پر امریکی حکام کی جانب سے عاید کردہ الزامات کی تفصیل سے لاعلمی ظاہر کی ہے ۔اس کا کہنا ہے کہ امریکی حکام نے تو اس کی گرفتاری کا بھی نہیں بتایا تھا اور اس کے خاندان سے وزارت کو گرفتاری کا علم ہوا تھا۔دریں اثنا روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ ماسکو میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار امریکی شہری پال ویلان کا کیس بہت ہی سنجیدہ اور سنگین نوعیت کا ہے۔

روس کی داخلی سکیورٹی کی ذمے دار ایجنسی ایف ایس بی نے سابق امریکی میرین اور امریکا کی ایک آٹو پارٹس کمپنی کے سکیورٹی افسر ویلان کو 28 دسمبر کو دارالحکومت ماسکو سے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔سرگئی ریابکوف نے روسی خبررساں ایجنسی ریا نووستی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر ویلان کے گرد صورت حال بہت ہی سنگین ہے۔وہ روس میں روسی قانون کے منافی سراغرسانی کی سرگرمیاں انجام دینے کے لیے آیا تھا ۔انھوں نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ ابھی تک ویلان پر باضابطہ طور پر جاسوسی کے الزام میں فرد جرم عاید نہیں کی گئی ہے۔

مزید : عالمی منظر