قومی سنوکر چیمپئن شپ، عمر خان اور شابان بٹ سیمی فائنل میں پہنچ گئے
اسلام آباد(اے پی پی) جوبلی انشورنس پہلی قومی انڈر 16 سنوکر چیمپئن شپ میں محمد عمر خان اور شابان بٹ فتوحات کی ہیٹرک مکمل کرنے کے ساتھ ہی براہ راست سیمی فائنل میں پہنچ گئے، کامران البرٹ مسیح، شیخ محمد مزمل، شہریار خان اور محمد حمزہ الیاس نے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ اتوار کو پاکستان سپورٹس بورڈ، اسلام آباد سنوکر ہال میں قومی انڈر 16 سنوکر چیمپئن شپ کے دوسرے روز کھیلے گئے میچز میں پنجاب کے محمد عمر خان نے محمد حمزہ الیاس کو 3-2 فریمز سے ہرا کر مسلسل تیسری کامیابی سمیٹی اور اس کے ساتھ ہی براہ راست سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، پنجاب کے شابان بٹ نے عمر فاروق کو 3-2 فریمز سے زیر کر کے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھی براہ راست سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، خیبرپختونخوا کے کامران البرٹ مسیح نے پنجاب کے احمد علی قریشی کو 3-1 فریمز سے شکست دے کر دوسری کامیابی اپنے نام کی اور کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، پنجاب کے شیخ محمد مزمل نے مسعود خان کو 3-0 فریمز سے ہرا کر دوسری کامیابی حاصل کی اور کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، شہریار خان نے ملک مزمل خان کو ہرا کر دوسری فتح سمیٹی اور کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ محمد حمزہ الیاس آخری لیگ میچ میں شکست کے باوجود دو فتوحات کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ کوارٹر فائنلز اور سیمی فائنلز آج پیر کو کھیلے جائیں گے۔