افغانستان سے امریکی انخلا پر غور کیا جارہا ہے : مائیک پینس

افغانستان سے امریکی انخلا پر غور کیا جارہا ہے : مائیک پینس

واشنگٹن(این این آئی) امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کبھی نہ ختم ہونے والی جنگ میں امریکا کی مداخلت پر نظر ثانی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان سے فوج کے انخلا کرنے یا نہ کرنے کے معاملے پر غور کر رہے ہیں۔پہلے مرحلے میں 3 ہزار امریکی فوجیوں کو واپس بلایا جائے گا جبکہ بقیہ فوجیوں کو بعد میں بلایا جائے گا،مائیک پینس نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا اس بات پر بالکل واضح موقف ہے اور مجھے لگتا ہے کہ امریکی صدر اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ افغانستان میں 18 سالہ سے جاری تنازع میں کیا ہوا اور اب ہمارے پاس کیا بہتر راستے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے میں 3 ہزار امریکی فوجیوں کو واپس بلایا جائے گا جبکہ بقیہ فوجیوں کو بعد میں بلایا جائے گا۔مائیک پینس نے شام سے بھی تمام امریکی فوجیوں کے انخلا کے امریکی صدر کے منصوبے کے حوالے سے بات کی اور بتایا کہ جنگ زدہ علاقوں سے فوری طور پر فوج کا انخلا نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ کام کریں گے اور اس کام کو ایک طریقہ کار کے ذریعے انجام دیں گے۔

مزید : علاقائی