شام سے فوج کے انخلا کا ٹائم فریم نہیں دے سکتے،امریکہ

شام سے فوج کے انخلا کا ٹائم فریم نہیں دے سکتے،امریکہ

واشنگٹن(آئی این پی/شِنہوا)امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس شام سے فوج کے مکمل انخلا کا کوئی ٹائم فریم نہیں تاہم امریکی فوج شام میں غیر معینہ مدت کے لیے قیام نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے فوج کے انخلا سے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ'داعش'کے خلاف جنگ میں ہمارا مشن مکمل ہوگیا ہے۔ادھر امریکی وزارت دفاع"پنٹاگون"کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شام میں امریکا کی حمایت یافتہ ڈیموکریٹک فورسز'داعش'سے علاقے واپس لینے کی جنگ جاری رکھے گی۔خیال رہے کہ دو ہفتے قبل امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ شام میں موجود2000امریکی فوجیوں کو واپس بلا رہے ہیں کیونکہ شام میں ان کا مشن پورا گیا ہے۔تاہم شام سے انخلا کے اعلان پرخود امریکی حکومت میں بھی اختلاف پایا جاتا ہے۔

مزید : علاقائی