وزیر اعلیٰ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ کا دورہ، عوامی شکایت پر میڈیکل آفیسر معطل

وزیر اعلیٰ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ کا دورہ، عوامی شکایت پر میڈیکل ...

شیخوپورہ(بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اتوار کے روز شیخوپورہ کا اچانک دورہ کیا وہ ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچے تو وہاں پر انکشاف ہوا کہ ہسپتال میں ادویات کی کمی کے باعث مریض باہر سے ادویات خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہیں اس موقع پر مریضوں نے ڈاکٹروں کے لکھے گئے نسخہ جات بھی دکھائے جس پر وزیر اعلیٰ نے موجود میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مزمل حسین کو فوری طور پر معطل کردیا اور انہوں نے ہسپتال میں ادویات کی عدم فراہمی سمیت ادویات کی خرید کے حوالے سے مبینہ بدعنوانیوں کی رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا اور ڈپٹی کمشنر طارق محمود بخاری کو ہدایت کی کہ وہ تین یوم کے اندرڈی ایچ کیو ہسپتال کو درپیش مسائل کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کریں،ا نہوں نے ضلعی شیخوپورہ میں گزشتہ تین ماہ سے چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسر کی عدم تعیناتی کا بھی سختی سے نوٹس لیا اور اعلان کیا کہ آئندہ 24گھنٹے کے اندر سی ای او ہیلتھ کی تعیناتی یقینی بنادی جائے گی، اس موقع پر صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے دورہ کے بعد جب ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ کا دورہ کیا تو انکے ہمراہ کوئی وزیر مشیر یا رکن اسمبلی نہ تھا، انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل کے لنگر خانہ ، خواتین سمیت دیگر قیدیوں اور حوالاتیوں کی بیرکوں کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے قیدیوں کو دیئے جانے والے کھانے کو خود کھا چیک کیا ، انہوں نے جیل کے ہسپتال میں زیر علاج اسیران کی بھی عیادت کی اور وہاں پر تین قیدیوں کے فوری علاج معالجہ کا حکم دیتے ہوئے انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں داخل کروانے کا حکم دیا، جیل ہسپتال میں ڈاکٹرز کی عدم موجودگی پر وزیر اعلیٰ برہم اور قیدیوں کے بستروں میں تکیے نہ ہونے پر جیل حکام کی سرزنش کی، انہوں نے ہدایت کی کہ اسیران کے بہتر علاج معالجہ کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اس ضمن میں درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے سی ایم سیکرٹریٹ کو بھی آگاہ کیا جائے، وزیر اعلیٰ نے خواتین کی بیرکوں کے باہر فوری طور پر لائٹس کی تنصیب اور بیرکوں میں چھوٹے ٹی وی کی جگہ ایل سی ڈیز کی تنصیب کا بھی حکم دیا، وزیر اعلیٰ نے اسیران سے کہا کہ وہ کسی ڈر خوف کے بغیر بتائیں کہ ان سے کوئی پیسے تو نہیں لیتا اگر ایسی کوئی شکایت ہے توا س پر سخت ایکشن لیا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے شیخوپورہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کا بھی سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات اٹھائے جائیں، تجاوزات کے خلاف آپریشن میں کسی غریب شہری کو تنگ یا مگر مچھوں کو چھوڑا نہ جائے آپریشن بلا امتیاز کیا جائے ، انہوں نے شیخوپورہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹریفک مینجمنٹ پلان مرتب کیا جائے ، بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب سخت سکیورٹی میں لاہور روانہ ہوگئے۔

مزید : صفحہ اول