فواد چودھری نے سی ای او کو پروٹوکول دینے پر پی آئی اے عملہ کی سرزنش کر دی

فواد چودھری نے سی ای او کو پروٹوکول دینے پر پی آئی اے عملہ کی سرزنش کر دی

لاہور (صباح نیوز)پی آئی اے لاہور کے عملے کا اپنے سی ای او زاہد مظہر کو پروٹوکول دینے کے معاملے پر وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے عملے کی سرزنش کردی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ جب صدر پاکستان عارف علوی تک ایئرپورٹس پر پروٹوکول نہیں لیتے تو یہ لوگ حکومتی پالیسیوں کی مخالفت کرنے والے کون ہوتے ہیں ۔اس موقع پر فواد چوہدری کے ساتھ دو وفاقی وزرا شفقت محمود اور رزاق داؤد بھی تھے، تینوں وزرا صبح پی آئی اے کی پروز سے لاہور سے اسلام آباد جانے کیلئے ایئر پورٹ پہنچے تو پی آئی اے کا عملہ ہاتھوں میں پھول لئے ڈومیسٹک ڈیپارچر کے باہر کھڑا تھا جو اپنے سی ای او زاہد مظہر کو پروٹوکول دینے آیا تھا۔فواد چوہدری کے پوچھنے پر بتایا گیا کہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسرزاہد مظہر آرہے ہیں جس پر فواد چوہدری نے پی آئی اے کے عملے کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پروٹو کول پر پابندی عائد کررکھی ہے ، صدر،وزیراعظم سمیت کوئی پروٹوکول نہیں لیتا، آپ لوگ مسافروں کی دیکھ بھال کرنے کے بجائے پروٹوکول میں مصروف ہیں ۔فواد چوہدری نے سی ای او زاہد مظہر کو پروٹوکول دینے پراسٹیشن منیجر سمیت پی آئی اے کے عملے سے تحریری وضاحت طلب کرلی ۔سی ای او زاہد مظہر کاکہنا تھا کہ انہوں نے کسی کو استقبال کیلئے آنے کا نہیں کہا تھا۔

فواد چودھری، سرزنش

مزید : صفحہ آخر