بھارتی وکلاء کے وفد کا گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ

بھارتی وکلاء کے وفد کا گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ

ننکانہ صاحب(نمائندہ خصوصی)پاکستان آئے ہوئے بھارتی وکلاء کے وفد نے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ کیا ،بھارتی وکلاء نے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اور ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ کھانے میں شرکت کی۔ تفصیلات کیمطابق بھارتی وکلاء کے 32رکنی وفد نے ہریانہ ہائیکورٹ بار کے صدر سردار پرتاب سنگھ ایڈووکیٹ کی زیرصدارت گورودوارہ جنم استھان کا دورہ کیا ، اپنی مذہبی رسومات ادا کیں ، گورودوارہ انتطامیہ کی طرف سے وکلاء کی عزت افزائی کیلئے انہیں سروپے پیش کیے گئے، بھارتی وکلاء نے گورودوار ہ جنم استھان کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش پر حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں بھارتی وفد ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب پہنچا جہاں صدر ڈسڑکٹ بار ننکانہ رائے اکرم، جنرل سیکرٹری خادم حسین کھرل سمیت دیگر وکلاء نے پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے، وفد کے ارکان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پوری سکھ قوم کرتار پور راہدرای کھولنے پر حکومت پاکستان کی شکر گزار ہے ،ہم بھارتی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی پاکستان کے اس احسن فیصلے کی طرح قدم آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کے مسلمانوں کو بھارت میں واقع اجمیر شریف سمیت دیگر مذہبی مقامات کی یاترا کی اجازت دے اس طرح خطے میں پائید ار امن ہو گا ۔بھارتی سکھ وکلاء نے گورودوارہ جنم استھان کی یاترا کیلئے خصوصی اجازت دلانے پر چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثارکا بھی شکریہ ادا کیا ۔

مزید : صفحہ آخر