گروپ جوائنٹ ایڈیٹر ’’پاکستان ‘‘ شوکت اشفاق کے اعزاز میں تقریب پذیرائی

گروپ جوائنٹ ایڈیٹر ’’پاکستان ‘‘ شوکت اشفاق کے اعزاز میں تقریب پذیرائی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان( سٹی رپورٹر) سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام نے کہاہے کہ ہم نے ترقی کی کئی منازل کو طے کرنا ہے ، قلم وقرطاس کی بدولت ترقی کی راہیں ہموار ہوئیں، شوکت اشفاق صحافت کا معتبر حوالہ ہیں ، انکی شخصیت میدان صحافت میں رول ماڈل کی حیثیت کی حامل ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزم احباب کے زیر اہتمام گروپ جوائنٹ ایڈیٹر روزنامہ پاکستان شوکت اشفاق کے اعزاز میں انکی صحافتی سماجی خدمات کے اعتراف میں ملتان ٹی ہاوس میں منعقدہ تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ آج ہم قلم وقرطاس ، مطالعہ ، بحث وتمحیص سے دور ہوچکے ہیں کیونکہ بحث ومباحثہ سے ہی آئین تشکیل پاتا ہے ، ہمیں خود کو اقوام عالم میں نمایاں کرنے کے لئے متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے ، یہ افسوسناک امر ہے کہ یہاں کوئی بھی عالمی سطحی یونیورسٹی نہیں ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ یہاں ایسی معیاری یونیورسٹی بنائی جائے جس میں پڑھنے کے لئے دنیا بھر سے لوگ خواہش مند ہوکر پڑھنے کے لئے ، تحقیق کے لئے آئیں ،شوکت اشفاق پرخلوص شخص ہیں ۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاکہ برصغیر میں ماضی سے اب تک صحافت کا اثر نمایاں ہے، عصر حاضر میں شوکت اشفاق نے صحافت کے میدان میں ان مٹ نقوش چھوڑے ہیں ، میرا صحافت سے گہر ا تعلق ہے صحافت اور سیاست لازم ملزوم ہیں ،شوکت اشفاق نے نہ صرف رائے عامہ کو ہموار کیا ہے بلکہ جنوبی پنجاب کیلئے آواز بلند کی ۔ وائس چانسلر محمد نواز شریف یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر راو آصف علی نے کہاکہ اس تقریب میں تمام طبقات کی نمائندگی اور شرکت ہی شوکت اشفاق کی خدمات کا اعتراف ہے ،2016 میں جب یونیورسٹی میں نے سنبھالی تویونیورسٹی کا نظام جام تھا اس کو روان کرنے میں شوکت اشفاق کی حوصلہ افزائی کا نمایاں کردار ہے۔سابق وزیر سید حامد سعید کاظمی نے کہاکہ شوکت اشفاق جوانی دور سے ہی نڈر تھے او ر اب بھی بے باک صحافت کر رہے ہیں جو کہ ان کی انفرادیت ہے ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،سینئر قانون دان سابق جج حبیب اللہ شاکر نے کہاکہ روزنامہ پاکستان دراصل پاکستان کا ترجمان ہے شوکت اشفاق نے ہمیشہ حق سچ کی بات کی پیا ر کوبانٹا ہے اور یہ ان کا اعزاز ہے کہ یہ وسیع سوچ وفکر کے حامل ہیں ،ڈی سی ملتان مدثر ریاض نے کہاکہ شوکت اشفاق دلیرانہ صحافت کے سالار ہیں ، شوکت اشفاق میں صحافت کی اعلی اقدار بدرجہ اتم موجود ہیں انہوں نے ایڈمنسٹریشن کے حوالے سے بھی رہنمائی کی اور ہمیشہ حق بات کرتے ہیں،ممتاز صحافی دانشور عبدالجبار مفتی نے کہاکہ شوکت اشفاق کی بدولت ہم نے یہ سفر بخیر واسلوبی طے کیا ،ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ خبریں ملتان میاں غفار احمد نے کہاکہ شوکت اشفاق میرے لئے استاد کا درجہ رکھتے ہیں میرے صحافی بننے اور میرے قلم کی روانی میں شوکت اشفاق کا بنیادی کردار ہے ، صحافت عرق ریز ی کاکام ہے صحافی ایک عرق ریزی کے بعد ہی خبررپورٹ کر تاہے مجھے جب بھی خبر کی تصدیق کی ضرورت ہوتی ہے تومیرا انتخاب شوکت اشفاق ہوتے ہیں،ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ دنیا ملتان ڈاکٹر امجد بخاری نے کہاکہ جب اپوزیشن کمزور ہوجائے تو صحافت نے اپوزیشن کا کردار اداکیا ہے اور شوکت اشفاق میدان صحافت میں بہترین اپوزیشن لیڈر ثابت ہوئے ہیں ۔سینئر کالم نگارو ماہر تعلیم پروفیسر نسیم شاہد نے کہاکہ وفاداری او ر مستقل مزاجی شوکت اشفاق میں کوٹ کو ٹ کر بھری ہوئی ہے۔جید عالم دین سابق ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی عبدالقوی نے کہاکہ شوکت اشفاق اپنے نام کے مثل شفیق صحافی ہیں اور حق گو ، بے باک صحافی ہیں انکی پذیرائی مستحسن امر ہے،ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سجاد جہانیہ نے کہاکہ شوکت اشفاق ہمارے خطے کا فخر اورمان ہیں انکی خدمات کسی سے مخفی نہیں زمانہ انکی خدمات کامعترف ہے ،یہ تقریب پذیرائی انکی خدمات کے اعتراف میں ناگزیر تھی باعث مسرت ہے۔اس موقع پر شوکت اشفا ق نے عزت افزائی بخشنے پر دوستوں کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ کامیابیوں میں اساتذہ کا اہم کردار ہے انہوں نے کہاکہ صحافتی اقدار کی پاسداری میر امشن ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -