’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘‘ عیدالفطر پر سلور سکرین کی زینت بنے گی

’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘‘ عیدالفطر پر سلور سکرین کی زینت بنے گی

لاہور(فلم رپورٹر)پاکستانی سپر اسٹار فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیاگیا۔پاکستان کی کامیاب ترین فلم ’مولاجٹ‘ کے ری میک ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ کا شائقین بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ فلم میں پاکستانی سپرسٹار فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور حمائمہ ملک کو کاسٹ کیا گیا ہے لہٰذا شائقین کے لیے پاکستانی لیجنڈ اداکار سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی جگہ نئے دور کے اداکاروں کو دیکھنا ایک خوشگوار تجربہ ہوگا تاہم فلم ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار ہوگئی۔فلم گزشتہ کافی عرصے سے تیار تھی لیکن قانونی نوٹس کے باعث اس کی ریلیز میں تاخیر ہورہی تھی لیکن اب بالآخر فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔فلم ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ اگلے سال عید الفطر کے موقع پرریلیز کی جائے گی۔ فلم میں فواد خان یادگار کردار مولاجٹ اور حمزہ علی عباسی نوری نتھ کے کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم’مولاجٹ‘میں یہ دونوں کردار لیجنڈ اداکار سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی نے ادا کیے تھے۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا تو اعلان کردیا گیا ہے اب شائقین بے صبری سے فلم کے پہلے ٹیزر کا انتظار کررہے ہیں۔

دوسری جانب فلم کے مرکزی کرداروں فواد خان اور ماہرہ خان نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر فلم کا پہلا پوسٹر بھی جاری کیا ہے۔ یاد رہے کہ ڈراماسیریل’ہمسفر‘کی کامیاب جوڑی فواد خان اورماہرہ خان کی ایک ساتھ یہ پہلی فلم ہے۔

مزید : کلچر