ریٹائر ہونیوالے اساتذہ ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ‘ سید طاہر شاہ

ریٹائر ہونیوالے اساتذہ ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ‘ سید طاہر شاہ

جہانگیرہ(ادریس اعوان) جہانگیرہ ۔ریٹائر ہونے والے اساتذہ کرام کے لیے اعزازی تقریب کا انعقاد ۔اساتذہ کو تحائف اور توصیفی اسناد دی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق اقراء ایجوکیشن اینڈ سوشل اویئرنس آرگنائزیشن نودیہ جہانگیرہ کے زیر اہتمام سال 2018 میں ریٹائر ہونے والے سرکل خیرآباد سے تعلق رکھنے والے سرکاری پرائمری سکولوں کے 21 اساتذہ کے اعزاز میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جو کہ اپنی نوعیت کی پہلی تقریب تھی ۔تقریب کے مہمان خصوصی تحصیل جہانگیرہ کے ایس ڈی ای او سید طاہر شاہ تھے جبکہ صدارت کے فرائض سرکل خیرآباد کے اے ایس ڈی ای او فیض الرحمان نے سرانجام دیئے ۔ان کے علاوہ محکمہ تعلیم سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات پرنسپل ریاض احمد حقانی ،پرنسپل شفیق النبی،پروفیسر ابرار خٹک ، ایس ایس احمد دین اور عبدالمنصف ،ایس ایس ٹی نیاز احمد ،ایس ڈی ای او اسٹیبلشمنٹ نصرمن اللہ ،اے ایس ڈی ای او سرکل اکوڑہ خٹک شمس العاد اور اساتذہ نے شرکت کی ۔اس دوران ریٹائر ہونے والے اساتذہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنے تجربات شرکاء سے شیئر کیے ۔مہمان خصوصی سید طاہر شاہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی منفرد اور پہلی تقریب ہے اور ہم اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اس کا دائرہ کار تحصیل سطح تک بڑھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے اساتذہ ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور نئے اساتذہ کو چایئے کہ ان کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں ۔انہوں نے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد پر ہم اقراء ایجوکیشن اینڈ سوشل اویئرنس آرگنائزیشن نودیہ کے مشکور ہیں جنہوں اساتذہ کو عزت دی ۔سکولوں میں سہولیات کی کمی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس پر کام جاری ہے اور بہت جلد تمام بنیادی سہولیات جن کی جہاں پر کمی ہے پوری کر دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع نوشہرہ میں تحصیل جہانگیرہ کارکردگی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے جو کہ اعزاز کی بات ہے ۔آخر میں ریٹائر ہونے والے اساتذہ کو ہار پہنائے گئے اور تحائف و توصیفی اسناد دی گئیں ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر