نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کیلئے کراچی یوتھ فیڈریشن کی قرارداد منظور
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کراچی یوتھ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام کابینہ 2019 کا پہلا اجلاس جنرل سیکرٹری شہریار نواز کی صدارت میں ہوا۔ کابینہ اجلاس میں جنرل سیکرٹری شہریار نواز نے انسداد منشیات میں نوجوانوں کے کردار کے عنوان سے قرارداد پیش کی جسکی کنوینر محمد ظفیر نے تائید کی۔قرارداد کے متن میں بتایا گیا کہ تمام جامعات ، کالجز اور اسکولوں میں انسداد منشیات کیلئے سفیر مقرر کیا جائے۔ ہر تعلیمی ادارے کو پابند کیا جائے کہ وہ منشیات کے نقصانات پر سیمینار یا آگاہی سیشن منعقد کرے۔ انتظامیہ ہر تعلیمی ادارے کے اطراف پان، گٹکے، چھالیہ اور سگریٹ کے کیبن ختم کرے، تعلیمی اداروں اور شہر کے اہم مقامات پر انسداد منشیات کے پیغامات درج ہوں۔ اس موقع پر ماہِ جنوری میں انسداد منشیات کے حوالے سے تقریب منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں دوسری قرارداد جوائنٹ سیکرٹری شاہ رخ منظور نے طلباء یونین کی بحالی کے حوالے سے پیش کی جس کی تائید نائب چیئرپرسن عرشیہ افضل نے کی، قرارداد کے متن کے مطابق طلباء یونین کی بحالی غیر سیاسی بنیادوں پر کی جائے تاکہ آنیوالے دنوں میں گراس روٹ لیول سے قیادت نکلے۔قرارداد کے مطابق طلباء یونین کے بجائے طلباء کونسل کا نام بہتر رہے گا۔ کابینہ اجلاس میں نئے ممبرز کے لیے پالیسی مرتب کی گئی جبکہ میڈیا اور نوجوانوں میں ہم آہنگی کے لیے سیکرٹری اطلاعات کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں قراردادیں کثرت رائے سے منظور کرلی گئیں۔ اس موقع پر چیئرمین محمد عمر خان اور نائب صدر رانا محمود نے پولیس، رینجرز اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے کردار کو بھی سراہا۔
Back to Con