وی آئی پی ٹرینیں چلانے کا اعلان تبدیلی کے منہ پر طمانچہ ہے ،وقار مہدی
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) وزیر اعلی سندھ کے مشیر اور پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے وزیر اطلاعات شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے دو وی آئی پی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے، کل تک پوری حکومت وی آئی پی کلچر کے خلاف تھی مگر آج صدر اور وزیر اعظم تو دور کی بات، وزرا کی پی اے اور منشی بھی پروٹوکول میں گھوم رہے ہیں۔ عمران خان کی آمد پر سڑکیں بند اور قطار در قطار گاڑیوں کے پروٹوکول کوئی اچنبھے کی بات نہیں رہی۔ پی پی پی سندھ کے مرکزی دفتر سے جاری بیان میں پی پی پی رہنما وقار مہدی نے وزیر ریلوے کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کی پریس کانفرنس پی ٹی آئی حکومت کا ایک نیا یوٹرن ہے۔غریبوں کی سواری کی حالات کو تباہ کر کے مرعات یافتہ طبقے کو خوش کیا جارہا ہے۔ شیخ رشید پلیٹ فارم ٹکٹ خریدے بغیر ریلوے اسٹیشنوں کے دورے کرتے ہیں، پلیٹ فارم پر جانے کا ٹکٹ خریدنا توہین سمجھتے ہیں حالانکہ وزیر ہو یا عام آدمی پلیٹ فارم پر ٹکٹ خریدے بغیر نہیں جاسکتا مگر ان کے دور میں آفسران کی کاریں بھی پلیٹ فارم تک جاتی ہیں۔ وقار مہدی کا مزید کہنا تھا شیخ رشید کی 90 کی دہائی میں جیل سے چیخیں پورا پنڈی سنتا تھا، موصوف ہر دور ہر جماعت کا لاوڈ اسپیکر ہوتے ہیں۔روالپنڈی کے میراثی بھی شیخ رشید سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔کیوں کہ انکا مافیا کراچی سے پنڈی تک ٹکٹوں کو بلیک مارکیٹنگ کررہا ہے۔ ہم وفاق سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آمریت کے پروردہ شخص جو آج وزیر ریلوے بھی ہے ان پر ٹریکر نصب کر کے ان کی خاص مصروفیت پتہ کروائی جائیں کہ کس نے کیا سبق پڑھایا اور کیوں پڑھایا۔