پہاڑوں پربرفباری، میدانی علاقے بھی سخت سردی کی لپیٹ میںآگئے

پہاڑوں پربرفباری، میدانی علاقے بھی سخت سردی کی لپیٹ میںآگئے

لاہور( نیوز رپورٹر)ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی میں اضافہ، پہاڑی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے میدانی علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے جبکہ ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ بھی وقفہ وقفہ سے جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے جبکہ شدید سردی کی وجہ سے گیس کی عدم دستیابی عوام کے لئے وبال جان بن کر رہ گئی ہے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور ، گوجرانوالہ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے جس سے سردی مزید بڑھ جائے گی جبکہ پشاور اور کوہاٹ اور مردان میں بھی چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے جبکہ بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا جبکہ بعض مقامات پر شدید دھند کا بھی امکان ہے جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔جبکہ گذشتہ روز پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس سے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، ناران، کاغان، سکردو، گلگت، مظفرآباد اور مری میں بارش اور برفباری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے آج پشاور، کوہاٹ، مردان، لاہور اور گوجرانوالہ ڈویڑن میں چند مقامات پر باد ل برسیں گے۔ استور، سکردو میں درجہ حرارت منفی آٹھ، بگروٹ میں منفی سات، ہنزہ، گلگت منفی چھ ، مالم جبہ منفی تین، گلگت منفی دو اور مری میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔آج اسلام آباد میں نو، لاہور پانچ، فیصل آباد 9، ملتان 8، پشاور7، کوئٹہ دو اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

موسم

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر